لائف اسٹائل

سلمان کی ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو نمائش کے لیے پیش کردیا گیا

دبنگ اداکار نے ریلیز کے پہلے ہی روز ’گول مال 4‘ اور ’رئیس‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بولی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے اور وہ ریکارڈ نہ بنائے ایسا تو ہو نہیں سکتا۔

اداکار کی رواں سال کی پہلی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو 22 دسمبر یعنی آج ہندوستان کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جس نے ریلیز کے پہلے ہی روز رواں سال کی ہٹ فلمز ’گول مال 4‘ اور ’رئیس‘ کو ہرا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے خلاف بھی بھارت میں مظاہروں کی دھمکی

رپورٹس کے مطابق فلم کی اسکریننگ کے بعد سینما گھروں میں 80 فیصد تک رش رہا، جبکہ اس کی ریلیز کا پہلا روز سلمان کی اپنی ہٹ فلم ’سلطان‘ اور عامر خان کی ’دنگل‘ سے زیادہ بہتر رہا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ فلم اپنی ریلیز کے پہلے روز 35 سے 40 کروڑ ہندوستانی روپے تک کمالے گی۔

سلمان خان کی فلم نے رواں سال کی ہٹ فلمز ’گول مال 4‘ اور ’رئیس‘ کو بھی ایک انداز سے پیچھے چھوڑ دیا، ان فلموں کی ریلیز کے بعد سینما گھروں میں 80 فیصد رش تو رہا البتہ یہ ہندوستان میں کم اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کی گئیں، جبکہ سلمان خان کی فلم کو 5 ہزار 700 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی نمائش پر پاکستان میں پابندی

صرف یہی نہیں تجزیہ کار فلم میں سلمان خان کی اداکاری کی بھی خوب تعریف کررہے ہیں، جبکہ فلم کو بھی کافی بہتر انداز میں بنایا گیا۔

دوسری جانب راجھستان میں مشتعل افراد نے فلم کی ریلیز روک دی، جبکہ سلمان خان کے پتلے کو بھی آگ لگائی۔

رپورٹس کے مطابق اپنی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی تشہیر کے دوران سلمان خان نے ایک شو میں اپنے ڈانس کرنے کے انداز کو ’بھنگی‘ کہا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف بھارتی والمیکی ذات نے حکومت کو والمیکی ذات کا دل دکھانے کی شکایات درج کروائیں جبکہ فلم کے خلاف احتجاج بھی کیے۔

خیال رہے کہ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سلمان خان کی 2012 میں آنے والی ایکشن فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ہے۔

مزید پڑھیں: ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ حقیقی واقعے پر مبنی فلم؟

پہلی فلم کی کہانی پاکستان اور ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کے 2 ایجنٹس کے خفیہ مشن کے گرد گھومتی ہے۔

تاہم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بہت بڑی تبدیلی کرکے اسے حقیقی واقعے پر بنایا گیا ہے۔

فلم میں سلمان خان کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ عہدیدار عراق میں داعش کی جانب سے اغوا کی جانے والی 25 نرسز کو بازیاب کرانے کے خصوصی مشن پر بھیجا جاتا ہے۔