پاکستان

اپنے بچوں کو کبھی اس طرح بیٹھنے مت دیں

کیا آپ کو معلوم ہے کہ بیٹھنے کا ایک خاص انداز صحت کے لیے بہت زیادہ تباہ کن ہے؟

یہ تو بیشتر افراد کو معلوم ہے کہ سارا دن بیٹھ کر گزارنا صحت کے لیے نقصان دہ ہے، تاہم نقصانات سے قطع نظر کیا آپ کو معلوم ہے کہ بیٹھنے کا ایک خاص انداز صحت کے لیے بہت زیادہ تباہ کن ہے؟

خاص طور پر بچوں کی صحت پر اس طرح کے انتہائی بدترین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اور وہ انداز ہے انگلش حرف ڈبلیو کی طرح بیٹھنا۔

طبی ماہرین کے مطابق اس طرح بیٹھنے کا مشورہ کسی کو نہیں دیا جاسکتا، مگر بچے عام طور پر کھیل کود کے دوران یا ویسے ہی اس طرح بیٹھنا پسند کرتے ہیں مگر والدین اس کے نقصانات سے آگاہ ہی نہیں ہوتے جو مستقبل قریب میں بچوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

کیا آپ نے کبھی ان خطرات کے بارے میں سنا؟

کمر کے مسائل

اس طرح بیٹھنے کا ایک بڑا خدشہ طویل المعیاد بنیادوں پر ہڈیوں اور کمر کے مسائل کا سامنا ہونا ہوسکتا ہے، خصوصاً بچوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی کمر کا خیال رکھیں۔ ڈبلیو شیپ میں بیٹھنا بچوں کے کمر کے مسلز کو کمزور کرتا ہے۔

موٹر اسکلز متاثر ہونا

اس طرح بیٹھنا بچوں کے اندر ہاتھوں کی ترجیحات فروغ پانے کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، یعنی اس طرح بیٹھنے کے بعد وہ جب اشیاءاٹھاتے ہیں تو دائیں جانب والی دائیں ہاتھ سے اور بائیں جانب والی بائیں ہاتھ سے ہی اٹھا سکتے ہیں۔ اس سے روایتی موٹراسکلز کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔

جسمانی توازن میں مسائل

کسی فرد کے جسمانی توازن کی تشکیل بچپن میں ہی ہوتی ہے اور اس طرح بیٹھنا مستقبل قریب میں جسمانی توازن کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

اہم مسلز کمزور کرے

بیٹھنے کا یہ انداز اہم مسلز کو انتہائی کمزور بنانے کا باعث بن سکتا ہے، بچوں کی نشوونما کا بہت زیادہ انحصار جسم کے مضبوط مسلز پر ہوتا ہے جن کے کمزور ہونے پر کپڑا پن اور دیگر مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

کولہوں کے مسائل

اس طرح بیٹھنا کولہوں کی ہڈیاں اپنی جگہ سے الگ ہونے کا باعث بھی سکتا ہے جو انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔

جوڑوں کے مسائل

اس طرح بیٹھنے سے چونکہ اہم مسلز کو حرکت دینا ممکن نہیں ہوتا بلکہ پورے جسم کے جوڑوں پر دباﺅ بڑھتا ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ دباﺅ شدید درد اور دیگر پیچیدگیوں کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔