صحت

ٹماٹر تمباکو نوشی کے عادی افراد کے پھیپھڑوں کو تحفظ دیں

روزمرہ کی غذا میں ٹماٹر اور سیب کا اضافہ کرکے تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کی جاسکتی ہے۔

اگر تو آپ تمباکو نوشی کے عادی ہیں، تو اس لت سے متعدد جان لیوا امراض کا خطرہ تو بڑھتا ہی ہے مگر سب سے زیادہ نقصان پھیپھڑوں کو پہنچتا ہے۔

تاہم اپنی روزمرہ کی غذا میں ٹماٹر اور سیب کا اضافہ کرکے تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کی جاسکتی ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

مزید پڑھیں : پھیپھڑوں کے سرطان سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟

جون ہوپکنز بلومبرگ آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر اور پھلوں پر مشتمل غذا کے استعمال سے تمباکو نوشی چھوڑ دینے والے افرادمیں پھیپھڑوں میں دس سال کے دوران وقت کے ساتھ آنے والی قدرتی تنزلی کی رفتار کو کم کرنے میں مدد ملی۔

محققین نے دریافت کیا کہ اگر روزانہ دو ٹماٹر جبکہ تازہ پھلوں کا استعمال عادت بنالیا جائے تو پھیپھڑوں افعال میں آنے والی تنزلی کو سست کیا جاسکتا ہے۔

تحقیق کے دوران مختلف پکوانوں اور پراسیس غذاﺅں کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا مگر دریافت کیا گیا کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال ہی پھیپھڑوں کے لیے حفاظتی اثرات میں مدد دیتا ہے۔

پھیپھڑوں کے افعال میں خرابی امراض قلب، پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر امراض سے موت کا خطرہ کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ غذا سے پھیپھڑوں کے نقصان کی مرمت میں مدد مل سکتی ہے، خاص طورپر ایسے افراد جو تمباکو نوشی کے عادی ہیں یا چھوڑ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں دل، پھیپھڑوں کا مرض ہرچار میں سےایک شخص کی موت کی وجہ

انہوں نے مزید کہا کہ پھلوں پر مشتمل غذا پھیپھڑوں پر طاری ہونے والے قدرتی بڑھاپے کے عمل کو سست کردیتا ہے، چاہے آپ تمباکو نوشی نہ بھی کرتے ہوں، تو بھی یہ غذا اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔

2002 سے اس تحقیق پر کام کیا جارہا تھا اور اس دوران سیکڑوں افراد کی غذائی عادات کا پھیپھڑوں پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے نتائج طبی جریدے یورپین ریسپیرٹری جرنل میں شائع ہوئے۔