کاروبار

14 سال بعد ہونڈائی کی پہلی پاکستانی گاڑی کونسی ہوگی؟

ہونڈائی نے پاکستان میں نشاط گروپ کے تعاون سے اپنے پہلے گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ کا آغاز کردیا ہے۔

جنوبی کورین کمپنی ہونڈائی نے پاکستان میں نشاط گروپ کے تعاون سے اپنے پہلے گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ کا آغاز کردیا ہے جس کا افتتاح گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ اس کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر پاکستان میں جلد چار نئی گاڑیاں متعارف کرانے کا عندیہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں : ہونڈائی کی 4 گاڑیاں پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس تقریب کے دوران تین نئے ماڈلز کو بھی پیش کیا گیا تھا جو پاکستانی سڑکوں پر 2018 میں دوڑتے نظر آئیں گے۔

ان ماڈلز میں تسکان، ایچ۔1 ویں اور ایچ۔ 100 پک اپ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان تینوں میں سے جو ماڈل سب سے پہلے پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، وہ تسکان ایس یو وی ماڈل ہوگا جو کہ ہونڈا کے مقبول ماڈل بی آر وی اور اس سے ملتی جلتی گاڑیوں کے لیے چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔

اس کراس اوور گاڑی میں ٹیوب لیس ٹائر دیئے گئے ہیں، ایل ای ڈی ٹیل لائٹس، رئیر اسپائلر اور کروم ایگزاسٹ ٹپس وغیرہ بھی موجود ہیں۔

اندر سے اس گاڑی میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ سی ڈی/ ڈی وی ڈی پلیئر کے ساتھ ایل ای ڈی ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ’ہونڈائی اب پاکستان میں گاڑیاں بنائے گی‘

پش اسٹارٹ بٹن، پاور اسیئرنگ، پاور ٹرنک اور ونڈوز اوپنر کے ساتھ ساتھ متعدد فیچرز موجود ہیں۔

2.0 لیٹر 183 ہارس پاور و وی جی ٹی ڈیزل انجن میں سکس گیئر باکس دیئے گئے ہیں۔

اس کی ممکنہ قیمت 28 لاکھ کے لگ بھگ ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ہونڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔

اس گاڑی کے ذریعے وہ لگ بھگ 14 سال بعد پاکستان میں واپسی کرے گی۔