پاکستان

پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی معاونت کا بھارتی پروپیگنڈا ناکام

ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے اعلامیے سے بھارتی پروپیگنڈے پر مبنی دہشتگردوں کی فہرست ختم کردی گئی، ترجمان دفتر خارجہ
|

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے اعلامیے سے بھارتی پروپیگنڈے پر مبنی دہشت گردوں کی فہرست نکال دی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہارٹ آف ایشیاء کی امرتسر میں ہونے والی کانفرنس میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست کو اعلامیے کا حصہ بنایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مثبت سوچ کے ساتھ اس فہرست کو اعلامیے کا حصہ بننے دیا جبکہ بھارت نے مذکورہ فہرست کو پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا تھا جسے بھارت نے بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا تھا۔

تاہم باکو میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں پاکستان کے شدید اعتراض پر بھارت کی اس من پسند فہرست کو نکال دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی اعتراض کے بعد معاملہ انسداد دہشت گردی ورکنگ گروپ کو بھیج دیا گیا ہے، جو پاکستانی اعتراض کے بعد خطے میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کی جامع فہرست مرتب کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی قومی سلامتی پالیسی میں پاکستان پر لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہے۔

افغانستان میں داعش کا اثر و رسوخ

پاکستان نے ایک مرتبہ پھر خطے میں داعش کے بڑھتے ہوئے خطرے پر اپنے تحفظات کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کے اثر ورسوخ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے افغانستان میں داعش کے اثر میں اضافے کا معاملہ افغان حکومت اور عالمی برادری میں بھی اٹھایا ہے اور انہیں کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی محفوظ پناہ گاہوں کا سدباب کیا جائے۔

مزید پڑھیں: ایل اوسی پر دراندازی کی صورت میں فائرنگ کرتے ہیں، سشما سوراج

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل مختلف غیرریاستی گروہوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر تحفظات ہیں۔

پاک-یورپ تجارت

بوسنیا میں پکڑے جانے والے پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ان کی تعداد 5 ہے جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن بہتر زندگی کی تلاش میں دنیا بھر سے یورپ جاتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تجارتی تعلقات میں جی ایس پی پلس کو بنیادی حیثیت حاصل ہے جبکہ پاکستان جی ایس پی پلس کے حوالے سے معیار پر مکمل عملدرآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجارت میں جی ایس پی پلس درجہ ملنے کے بعد 38 فیصد اضافہ ہوا۔

مسئلہ کشمیر

وزیر خارجہ نے بھارتی افواج کے حق خود ارادیت کو غیر انسانی ظلم و ستم سے دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے اننت ناگ چلو ریلی کو طاقت سے روکا گیا جبکہ سید علی شاہ گیلانی کو بھی پندرہ سال پرانے کیس میں عدالت کے سامنے پیش نہیں ہونے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ درخواست کیے جانے کے باوجود بھارت نے حریت رہنما شبیر احمد شاہ کو محفوظ جیل میں اب تک منتقل نہیں کیا ہے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر شبیر احمد شاہ کی رہائی کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے الزامات مسترد کردیے

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بربریت کے نتیجے میں اس ہفتے چار بے گناہ کشمیری شہید ہوئے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ پاکستان نے 291 بھارتی ماہی گیروں کو دو مرحلوں میں رہا کرنے کا انسانی بنیادوں پر فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے اقدامات نے سندھ طاس معاہدے میں مسائل کے حل کے میکنزم کو غیر فعال بنا دیا ہے۔

کلبھوشن یادیو کی اہل خانہ سے ملاقات

کلبھوشن یادیو کے اہل خانہ سے ملاقات کے حوالے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو سے ان کی بیوی سے ملاقات دفتر خارجہ میں کرائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی خارجہ پالیسی میں پاکستان پر الزامات یکسر مسترد

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کی والدہ اور بیوی کو اسلام آباد کا ویزا جاری کردیا گیا ہے اور وہ فضائی سفر کے ذریعے پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ ملاقات کے بعد میڈیا سے بھی بات کریں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک کلبھوشن یادیو کی پھانسی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کلبھوشن یادیود کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات 25 دسمبر کو متوقع

سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پر پاکستان اور چین کے فریم ورک کا ایک منصوبہ موجود ہے اور اس منصوبے کو 2030 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

بیت المقدس کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فلسطین کی تقسیم کے منصوبے کے مطابق بیت المقدس کو خصوصی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، بیت المقدس پر او آئی سی کے حالیہ اعلامیے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر ہونے والے میزائل حملوں کی ایک مرتبہ پھر مذمت کی۔