پاکستان

اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا راج،100 انڈیکس میں 262 پوائنٹس کی کمی

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 5 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 2 ارب 67 کروڑ روپے رہی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کا رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 262 پوائنٹس کمی کے بعد 38 ہزار 384 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں مارکیٹ میں ملا جلا رجحان رہا اور 100 انڈیکس 59 پوائنٹس اضافے سے دن کی بلند ترین سطح 38 ہزار 703 پوائنٹس پر پہنچا۔

تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں مستقل مندی رہی اور انڈیکس کی کم ترین سطح 38 ہزار 337 پوائنٹس پر رہی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 5 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 2 ارب 67 کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 323 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 80 کی قدر میں اضافہ، 229 کی قدر میں کمی اور 14 کی قدر میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس میں 43 پوائنٹس کا اضافہ

مواصلات کا شعبہ کاروباری حجم کے لحاظ سے نمایاں رہا جس میں 74 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

جے ایس گلوبل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’سیاسی غیر یقینی کی صورتحال مارکیٹ میں مندی کی وجہ بنی اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا اعلان بھی سرمایہ کاروں کی گھبراہٹ اور پریشانی کو کم نہ کرسکا۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’پیر کے روز کاروباری حجم جولائی 2014 کے بعد سب سے کم رہا۔‘