دنیا

نریندر مودی کا سخت مقابلےکے بعد گجرات،ہماچل پردیش میں کامیابی کا اعلان

بی جے پی گجرات پارلیمنٹ کی 182 نشستوں میں سے 99 پر کامیابی حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے، بھارتی الیکشن کمیشن

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دو ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی کا اعلان کردیا۔

نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں ان کی جماعت کو کانٹے دار مقابلے کے بعد کامیابی ملی، جہاں انہوں نے انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق انتخابات میں کامیابی کے بعد نریندر مودی نے تقریباً 6 کروڑ کی آبادی والی مغربی ریاست گجرات اور شمالی ریاست ہماچل پردیش کے عوام کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بی جے پی کی حوصلہ افزائی اور اعتماد کرنے پر گجرات اور ہماچل پردیش کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں دونوں ریاستوں کے عوام کو یقین دلاتا ہوں ہم ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور عوام کی انتھک خدمت کریں گے۔‘

نریندر مودی کے مخالف راہول گاندھی نے، جو دو روز قبل ہی اپنی والدہ سونیا گاندھی کے بعد مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر بنے ہیں، گجرات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے ’بے جے پی‘ کو ریاستی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس سے ہماچل پردیش کی حکمرانی بھی چھین لی، جس کے بعد بھارت کی 29 ریاستوں میں سے 19 میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوگئی ہے جس سے 2019 میں عام انتخابات سے قبل نریندر مودی کو مزید سہارا ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاستی انتخابات: 3 ریاستوں میں مودی کی پارٹی کو شکست

سوا ارب کی آبادی والے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک بھارت میں کانگریس کی صرف چار ریاستوں میں حکومت قائم رہ گئی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امیت شاہ نے ریاستی انتخابات میں کامیابی کی وجہ نریندر مودی کے، خاندانی سیاست کے بجائے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے لے کر چلنے کو قرار دیا۔

ووٹوں کی گنتی کے دوران الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بی جے پی، گجرات پارلیمنٹ کی 182 نشستوں میں سے 99 پر کامیابی حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

کامیابی کے بعد گجرات میں مسلسل چھٹی بار ’بی جے پی‘ کی حکومت قائم ہوئی ہے، تاہم گزشتہ انتخابات میں اس نے 115 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

نتائج کے اعلان کے بعد نئی دہلی میں بی جے پی کے ہیڈ کوارٹرز میں کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا اور ایک دوسرے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔