نیا صنعتی انقلاب کیا تبدیلی لائے گا؟
نیا صنعتی انقلاب کیا تبدیلی لائے گا؟
ٹیکنالوجی جہاں معیشت کا اہم ستون بن کر سامنے آئی، وہیں سائنس نے انسانی زندگی کو جدت کا لبادہ پہنا دیا ہے، جبکہ اب ایک اور صنعتی انقلاب سے تبدیلی کی بازگشت حقیقت کا روپ دھارتی نظر آ رہی ہے، جہاں مشینیں انسانی دماغ کے برابر استعداد کے ساتھ اقوام عالم کی ترقی میں معاون نظر آئیں گی۔
سائنسدان اور ماہرین بتاتے ہیں کہ دنیا اس چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں داخل ہوچکی ہے، اب محسوس ہورہا ہے کہ یہ آنے کو ہے، جس سے انسانی دماغ کی صلاحیت کے برابر مصنوعی ذہانت رکھنے والے روبوٹس اور ان جیسی مشینیں زندگی کو مزید بدل کر رکھ دیں گی۔
اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے پہلا صنعتی انقلاب 1760 سے 1820 میں آیا، جس میں پیداوار میں اضافہ کرنے کی غرض سے صنعتی شعبے میں مشینوں کو چلانے کے لیے پانی اور بھاپ کا سہارا لیا گیا۔ اس انقلاب سے لوگوں کی زندگیاں ناصرف مکمل طور تبدیل ہوگئیں، بلکہ آمدنی میں بھی یقینی اضافہ ہوا۔