پاکستان

عمران خان کے قافلے کو لاہور کے قریب معمولی حادثہ

علی موسیٰ گیلانی کے محافظوں نے قافلے پرفائرنگ کی تاہم فیصل جاویدخان کی گاڑی بلٹ بروف کےباعث حادثے سے بچ گئی، پی ٹی آئی
|

پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں جلسے کے بعد لاہور واپسی کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قافلے میں شامل گاڑیوں کی سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کی گاڑی سے مبینہ طور پر ٹکر ہوئی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اوکاڑہ سے لاہور آتے ہوئے عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی تاہم قافلے میں شامل رہنما فیصل جاوید خان کی گاڑی بلٹ پروف ہونے کے باعث حادثے سے بچ گئی۔

پی ٹی آئی نے علی موسیٰ گیلانی کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب علی موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ میری گاڑی کو ٹکر مارتے ہوئے آگے نکل گیا اور تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے میری گاڑی کو ٹکر ماری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے واقعے کے بعد فوری طور پر 15 پر پولیس کو اطلاع دی بعد ازاں پولیس سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ یہ قافلہ عمران خان کا تھا۔

انھوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے فائرنگ کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پروٹوکول میں جانے والے قافلے پر کیسے فائرنگ کرسکتا ہوں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اوکاڑہ میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا جہاں عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا اور مخالف جماعتوں پر تنقید کیا بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کئی اہم رہنماؤں کے خلاف محاذ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔