سعودی ولی عہد دنیا کے مہنگے ترین گھر کے بھی مالک
رواں ماہ کے شروع میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فن مصوری کا مہنگا ترین شہ پارہ 45 کروڑ ڈالر (47 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں خریدا تھا اور اب انکشاف ہوا ہے کہ وہ دنیا کے مہنگے ترین گھر کے مالک بھی ہیں۔
امریکی روزنامے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے فرانس میں موجود ایک قلعے کو 30 کروڑ ڈالر سے زائد (33 ارب پاکستانی روپے) میں خریدا۔
دسمبر 2015 میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ اس گھر کو مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک گمنام خریدار نے 301 ملین ڈالر سے زائد ادا کرکے خریدا تھا اور اس طرح مہنگے ترین گھر کا پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا جو لندن کے پینٹ ہاﺅس کے پاس تھا جسے 221 ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔
پیرس کے قریب واقع یہ گھر 56 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا اور اس کا ڈیزائن 17 ویں صدی کے محلات سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا۔
اب انکشاف ہوا ہے کہ چیٹیاﺅ لوئس 14 نامی اس قلعے کو سعودی شہزادے نے خریدا تھا۔