دنیا

شام-عراق میں داعش کے ہاتھوں امریکی،سعودی اسلحہ استعمال ہونے کاانکشاف

شام میں حکومت مخالف اتحاداورداعش کو فراہم کیا گیاکچھ اسلحہ بنیادی طورپرامریکااورسعودی عرب کی جانب سے فراہم کیاگیا، رپورٹ

برطانوی تنظیم کنفلکٹ آرمامنٹ ریسرچ (سی اے آر) کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شام میں جاری لڑائی میں امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے شامی حکومت مخالف اتحاد کو فراہم کیا گیا اسلحہ دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) تک پہنچ گیا تھا۔

سی اے آر کی شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'عراق اور شام میں داعش نے کئی ریاستوں کی جانب سے فراہم کیا گیا اسلحہ استعمال کیا ہے جن میں سعودی عرب اور امریکا شامل ہیں جبکہ یہ اسلحہ داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے خلاف استعمال ہوا ہے'۔

عراق اور شام میں داعش کے اسلحے کے حوالے سے تین سالہ تحقیق کے عنوان سے مرتب رپورٹ کے نتائج تین سے زائد برسوں پر محیط ہے جس کے لیے 2014 سے 2017 کے دوران داعش کو فراہم کیے گئے 40 ہزار مختلف اجزا کا تجزیہ کیا گیا جو داعش سے برآمد ہوئے تھے، ان اجزا میں اسلحہ، بارود، کیمیکل کے اجزا اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔

رپورٹ کے نتائج کے مطابق 2014 سے داعش کی جانب سے استعمال کیا گیا 90 فیصد اسلحہ و بارود چین، روس اور مشرقی یورپ سے متعلق تھا۔

برطانوی تنطیم کا کہنا ہے کہ شام میں حکومت مخالف اتحاد کو لڑنے کے لیے داعش کو فراہم کیا گیا کچھ اسلحہ بنیادی طور پر امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے فراہم کیا گیا۔

شام میں جاری لڑائی میں داعش کے اسلحے کی تفصیلات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ 'شامی بحران میں بیرونی اتحادیوں کی جانب سے فراہم کیا گیا اسلحہ جن میں خاص کر امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے داعش کو براہ راست حکومت مخالف اسلحہ بڑھانے کی اجازت دی گئی تھی'۔

یہ بھی پڑھیں:روسی وزیراعظم کا شام سے جزوی طور پر اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان

داعش کو خطے اور بین الاقوامی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'اس رپورٹ میں داعش کے جنگجووں کے پاس اسلحے کے جدید نظام کے جو ثبوت پیش کیے گئے ہیں وہ خطے اور بین الاقوامی سیکیورٹی کے لیے آنے برسوں میں خطرات بڑھائیں گے'۔

یاد رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے گزشہ ماہ داعش کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔

شام میں جاری خانہ جنگی گزشتہ ماہ اس وقت نئے مرحلے میں داخل ہوگئی تھی جب شامی حکومت نے داعش سے ان کا آخری قلعہ البو کمال حاصل کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:عراقی وزیراعظم کا داعش کوشکست دینے کا اعلان

دوسری جانب گزشتہ ماہ ہی عراقی فورسز نے سرحدی علاقے راوۃ کا قبضہ داعش سے دوبارہ واپس لیا تھا جس کے بعد داعش کی جانب سے 2014 میں اعلان کردہ خود ساختہ خلافت کا خاتمہ ہوگیا تھا۔

عراق اور شام کی جانب سے داعش کے خلاف فتح اور علاقے کو دہشت گردوں سے واگزار کروانے کے اعلان کے باوجود ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ داعش اپنے کارندوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھنے والا انتہاپسند گروپ ہے۔