پاکستان

2017 میں پاکستانیوں کی پسندیدہ گوگل سرچز

پاکستانی عوام نے 2017 میں گوگل پر جس شخصیت کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ فبیہا شیرازی ہیں۔

گوگل نے سال کے اختتام پر اپنی سالانہ فہرست کا اعلان کیا اور دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں لوگوں کے سرچ رجحان کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو لیکن پاکستانی عوام نے 2017 میں گوگل پر جس شخصیت کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ ایک گیم شو میں معاون میزبان کا کردار ادا کرنے والی فبیہا شیرازی ہیں۔

مزید پڑھیں : 2017 میں پاکستانی یوٹیوب پر کیا کچھ دیکھتے رہے؟

گوگل نے اس فہرست کے لیے درجہ بندی کسی نام کے حوالے سے زیادہ ٹریفک کو دیکھتے ہوئے کی اور اسے تین کیٹیگریز افراد، خبریں اور ایونٹس میں تقسیم کیا۔

درج ذیل میں آپ پاکستانیوں کی مقبول سرچز کے بارے میں جان سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل سرچ میں ہر ملک پسندیدہ پراڈکٹس کا دلچسپ نقشہ

فبیہا شیرازی

فبیہا کافی عرصے سے معروف گیم شو جیتو پاکستان میں فہد مصطفیٰ کی معاون کی حیثیت سے نظر آرہی ہیں مگر 2017 میں انہیں اچانک شہرت حاصل ہوئی، جس کی کوئی خاص وجہ بھی واضح نہیں، تاہم پھر بھی وہ رواں سال گوگل سرچ میں پاکستانیوں کے لیے ٹاپ شخصیت ثابت ہوئیں۔

ندیم سرور

نوحہ خوان ندیم سرور اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

فخر زمان

اس سال بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے فخر زمان اس سال پاکستانیوں کے پسندیدہ ترین کرکٹر ثابت ہوئے، کم از کم گوگل کی حد تک تو، اور اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

رشی کپور

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ یہ بولی وڈ اداکار پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز کیوں بنے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان مخالف ٹوئیٹس انہیں اس فہرست میں چوتھے نمبر پر لے گئی ہیں۔

ردا اصفہانی

اداکارہ ردا اصفہانی بھی گوگل سرچ میں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں اور 5 واں نمبر ان کے نام رہا۔

فریال مخدوم

پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم پہلے اپنے سسرال سے جھگڑے اور پھر شوہر سے علیحدگی کے باعث سوشل میڈیا پر کافی مقبول رہیں اور یہی وجہ ہے کہ گوگل سرچز میں انہیں چھٹا نمبر ملا ہے۔

جاوید آفریدی

پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اس وقت لوگوں کے دل جیت لیے تھے جب انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی ٹیم کے تمام غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آئیں گے، ان کے حصے میں 7 واں نمبر آیا۔

احد رضا میر

احد رضا میر اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر اس لیے موجود ہیں کیونکہ ڈرامے یقین کے سفر میں ان کے ڈاکٹر کے کردار نے لاکھوں افراد کے دل جیت لیے۔

ہانیہ عامر

اداکارہ ہانیہ عامر کی فلمیں کامیاب ہوئیں جبکہ ایک اسنیپ چیٹ پوسٹ پر ہونے والے تنازعے کے باعث بھی وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں اور ان کے حصے میں 9 واں نمبر آیا۔

مومنہ مستحسن

مومنہ مستحسن گزشتہ سال سے شہرت کی سیڑھیاں چڑھ رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گوگل سرچز میں ان کے حصے میں 10 واں نمبر آیا۔


اسی طرح اگر ویب سرچنگ کی بات ہو تو پاکستانیوں کو سب سے زیادہ جستجو ان موضوعات کی رہی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اس فہرست میں نمبرون ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کا ایونٹ ایکسٹریم رول نے لگتا ہے کہ پاکستانیوں کی خوب توجہ حاصل کی تھی جو اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جس کی وجہ اس کے مین ایونٹ میں پانچ بڑے ریسلرز کا انتہائی زبردست میچ تھا۔

تیسرا نمبر عامر خان کی فلم دنگل کے نام رہا۔

اسی طرح ماہرہ خان کی ڈیبیو فلم رئیس چوتھے نمبر پر رہی۔

بولی وڈ فلم ہاف گرل فرینڈ کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔

چھٹا نمبر ہولی وڈ فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 8 کے نام رہا۔

ایک اور بولی وڈ فلم جگا جاسوس 7 ویں نمبر پر رہی۔

فلم منا مائیکل 8 ویں نمبر پر رہی۔

پاکستانی فلم وجہ تم ہو کے حصے میں 9 واں نمبر آیا۔

اور 10 ویں پر عید مبارک کارڈ رہے۔