کھیل

بھارتی ٹیم نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

بھارت نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں رویت شرما کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت یہ عالمی ریکارڈ بنایا۔

چندی گڑھ: بھارتی ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 ویں مرتبہ اننگز میں 300 پلس رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا.

بھارت نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 392 رنز کا مجموعہ قائم کر کے یہ سنگ میل عبور کیا اور یہ 100واں موقع تھا کہ بھارت نے ون ڈے کرکٹ میں 300 یا اس سے زائد کا مجموعہ بنایا۔

یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے اننگز میں 100 ویں مرتبہ 300 پلس رنز کا ہندسہ عبور کیا ہو۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آسٹریلین ٹیم ہے جس نے 96 مرتبہ کارنامہ انجام دیا۔

جہاں اس میچ میں کئی ریکارڈز بنے وہیں سری لنکن باؤلر نووان پرادیپ نے بھی بدترین باؤلنگ کی فہرست میں اپنا نام درج کرا لیا۔

انہوں نے بھارت کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بدترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کھائے اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں بدترین باؤلنگ کی فہرست میں تیسرے نمبر پر فائز ہو گئے ہیں جبکہ وہ سری لنکا کی جانب سے کسی ون ڈے میچ میں سب سے مہنگے باؤلر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل سری لنکا کی طرف سے بدترین کارکردگی کا ریکارڈ مرلی دھرن کے پاس تھا جنہیں 2006 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 99 رنز کی مار پڑی تھی۔

ون ڈے کرکٹ میں بدترین باؤلنگ کا منفی ریکارڈ آسٹریلیا کے لوئس کے پاس ہے جنہوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 113 رنز دیے تھے۔

وہاب ریاض اس فہرست میں 110 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ پرادیپ اور بھارت بھوونیشور کمار 106 رنز دے کر مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ادھر واشنگٹن سندر ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے ساتویں کم عمر بھارتی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 18 برس اور 69 دنوں کی عمر میں ایک روزہ کیریئر کا آغاز کر کے یہ اعزاز پایا۔ بھارتی کوچ روی شاستری نے واشنگٹن سندر کو ون ڈے کیپ پہنائی اس کے ساتھ ہی وہ ڈیبیو کرنے والے ساتویں کم عمر بھارتی کھلاڑی بن گئے۔

سچن ٹنڈولکر 16 برس اور 238 دن کی عمر میں ون ڈے ڈیبیو کر کے سب سے کم عمر بھارتی کھلاڑی ہیں جبکہ مانندر سنگھ دوسرے، ہربھجن سنگھ تیسرے، پارتھیو پٹیل چوتھے، لکشمی رتن پانچویں، چیتن شرما چھٹے اور واشنگٹن سندر ساتویں کم عمر بھارتی کھلاڑی ہیں۔