فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے( فاٹا) کو قومی دھارنے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی میں قبائلی عمائدین اورنوجوانوں کے جرگے سے ملاقات کی جہاں فاٹا میں قیام امن اور فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ 'فوج قبائلی بھائیوں کی توقعات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کو جاری رکھے گی'۔
آرمی چیف نے قبائلی عمائدین اور نوجوانوں کو خطے میں قیام امن و استحکام اور فاٹا میں معاشی بہتری کے لیے تعاون کو سراہا۔
انھوں نے قبائلی نوجوانوں کو مستقبل کے رہنما قرار دیتے ہوئے فاٹا اور پاکستان میں امن اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ اپنے عزم اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین اورنوجوانوں نے قیام امن کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔
یاد رہے کہ وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ نے رواں سال کے آغاز میں کہا تھا کہ فوج فاٹا کو خیبر پختونخوا (کے پی) میں ضم کرنے کے فیصلے کی مخالفت نہیں کرتی بلکہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے۔
جس کے جواب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے پر وزیر سیفران اور آئی ایس پی آر کے بیان میں تضاد ہے۔
فرحت اللہ بابر نے کہا تھا کہ 'اس موقع پر فوج کے تاثرات کے حوالے سے بیان کو عام نہیں کرنا چاہیے'۔
دوسری جانب حکومتی اتحادیوں کی جانب سے مخالفت کے بعد اس حوالے سے قانون سازی کا عمل پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جاسکا جبکہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے حکومت پر شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے۔