پاکستان

اسٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس میں 43 پوائنٹس کا اضافہ

کاروباری سیشن کے پہلے ہاف میں مارکیٹ میں شدید مندی رہی اور 100 انڈیکس 37 ہزار 737 پوائنٹس تک جا گرا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز ملا جلا رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 43 پوائنٹس کے اضافے سے 38 ہزار 525 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے پہلے ہاف میں مارکیٹ میں شدید مندی رہی اور 100 انڈیکس 37 ہزار 737 پوائنٹس تک جا گرا۔

تاہم اس کے بعد انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور کاروباری روز کے اختتام سے قبل اس نے 38 ہزار 620 پوائنٹس کی سطح کو بھی چھوا۔

مجموعی طور پر 19 کروڑ 50 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 8 ارب 70 کروڑ روپے رہی۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا منفی آغاز

کاروباری سیشن کے دوران کُل 347 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 100 کی قیمتوں میں اضافہ، 229 کے بھاؤ میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ بینکنگ سیکٹر میں 3 کروڑ 70 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، جبکہ مواصلات کے شعبے میں 2 کروڑ 48 لاکھ اور پاور جنریشن اینڈ ڈسٹریبیوشن کے شعبے میں ایک کروڑ 56 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔