اردو ناول کے عروج سے زوال تک
ضروری نہیں کہ اچھا ناول لکھنے کے لیے کسی فارمولے کا سہارا ہی لیا جائے۔ دل کے تاروں سے بھی بہت کچھ تخلیق ہو سکتا ہے۔
دنیا بھر میں ادب کی جس صنف کو سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے، وہ ناول ہے۔ دنیا کا پہلا ناول داستانِ گینجی کو مانا جاتا ہے جسے جاپان کی ایک خاتون ناول نگار مورا ساکی شیکیبو نے لکھا تھا۔ مغرب کے روایتی ادب میں جین آسٹن کا نام لیا جائے یا پھر جدید ادب کی ہر دلعزیز ورجینیا وولف کا، اِن دونوں سمیت مغرب اور مشرق کی کئی بڑی خاتون ناول نگاروں نے اپنی تخلیقات سے، حساس قارئین پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
اردو زبان میں بھی ناول کی صنف مغربی ادب سے متاثر ہوکر فروغ پائی۔ اِس نے داستان سے ناول تک کا تخلیقی سفر طے کیا اور اردو ناول اب تقریباً ڈیڑھ صدی کا ہونے والا ہے۔ ڈپٹی نذیراحمد کو اردو زبان کا پہلا ناول نگار تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 1869ء میں اپنا پہلا ناول مراۃ العروس تخلیق کیا، جو اردو زبان کا بھی پہلا ناول تھا۔