سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل نے میوزک سرچ ایپلی کیشن ’شزام‘ خرید لی

شزام کے ذریعے کوئی بھی گانا، ڈرام یا،ویڈیوکچھ سیکنڈزمیں سرچ کی جاسکتی ہے،اوراسے ایپ کے ذریعے دیکھا اور سنا بھی جاسکتا ہے

سوشل میڈیا کے اس دور میں ٹیکنالوجی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیاں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک فیچر اور ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔

حال ہی میں جہاں فیس بک نے نوجوانوں میں مقبول ایپلی کیشن کو خرید کر اپنا حصہ بنایا تھا، اب وہیں خبریں ہیں کہ اسمارٹ فون اور دیگر اسمارٹ آلات تیار کرنے والی امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے معروف میوزک سرچ ایپ ’شزام‘ کو بھی خرید لیا۔

اگرچہ ابھی ایپل یا شزام نے اس سودے کی تصدیق نہیں کی، تاہم متعدد ٹیکنالوجی ویب سائٹس نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کمپنی نے برطانیہ سے شروع ہونے والی میوزک سرچ ایپلی کیشن کو خرید لیا۔

ٹیک کرنچ کے مطابق ’ایپل‘ نے ’شزام‘ کو 30 سے 40 کروڑ امریکی ڈالرز (پاکستانی 30 سے 40 ارب سے زائد) کی رقم میں خرید لیا۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان خریداری کا معاہدہ طے پاچکا ہے، تاہم معاہدے پر باضابطہ دستخط آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔

خیال جا رہا ہے کہ اس معاہدے کے حوالے سے دونوں کمپنیاں 11 دسمبر تک باضابطہ اعلان کردیں گی۔

خیال رہے کہ ’شزام‘ اسمارٹ موبائل سمیت ڈیسک ٹاپ پر بھی کام کرتی ہے، یہ ایپلی کیشن کوئی بھی میوزک ویڈیو، ٹی وی ڈرامہ، اشتہار یا فلم جلد سے جلد ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل، آئی فون اور اردو

یہ ایپلی کیشن کسی سرچ انجن کی طرح کام کرتی ہے، تاہم ایپ کا دعویٰ ہے کہ اس کے ذریعے نہ صرف ویڈیوز، بلکہ آڈیو، تصاویر، تھری ڈی، اینیمیٹڈ اور وژوئل افیکٹس کی تصاویر بھی ڈھونڈی جا سکتی ہیں۔

اس ایپلی کیشن کے ذریعے نہ صرف ویڈیوز، ڈراموں اور اشتہارات کو ڈھونڈا جاسکتا ہے، بلکہ اس سے یہ ڈاؤن لوڈ بھی جاسکتی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ’شزام‘ سے ایک ارب گانے، ڈرامے، اشتہارات و دیگر چیزیں ڈاؤن لوڈ کی گئیں۔

اس ایپلی کیشن کو خریدنے کے بعد ایپل کی جانب سے اسے اپنے سسٹم میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال جا رہا ہے کہ ’شزام‘ کے ذریعے ہی ایپل اپنے فونز میں میوزک آئی ٹونز، آرکائیو سسٹم اور دیگر فیچر استعمال کرے گا، اس سے قبل ایپل اسی ایپ سمیت دیگر ایپلی کیشن سے اس حوالے سے مدد حاصل کرتا تھا۔