پاکستان

بول ٹی وی پرجرمانہ عائد کیاجائے، پیمرا شکایتی کونسل کی سفارش

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو بدنام کرنے پر بول نیوز سے 15 دن کے اندر 3 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا جائے، پیمرا شکایاتی کونسل

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے شکایاتی کونسل (سی او سی) نے کراچی کے نجی ٹی وی چینل بول نیوز پر دوسرے نجی ٹی وی چینل جیو ٹی وی اور اس کے مالک کو بدنام کرنے پر جرمانے کی سفارش کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والے سی او سی کے اجلاس کے دوران تجویز دی گئی کہ بول نیوز سے ادارتی کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کی جائے جو پیمرا کے قوائد و ضوابط پر عمل در آمد کو یقینی بنائے۔

شکایاتی کونسل نے اپنی یہ تجویز جیو ٹی وی گروپ کے ڈائریکٹر حسن مصطفیٰ، اینکرپرسن طلعت حسین، شاہزیب خانزادہ اور جیو ٹی وی نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میر ابراہیم رحمٰن کی جانب سے درج کرائی گئی کی شکایات پر غور کرنے کے بعد دی۔

مذکورہ تجویز میں پیمرا سے درخواست کی گئی کہ بول نیوز سے 15 دن کے اندر 2 لاکھ اور ایک لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا جائے۔

مزید پڑھیں: بول نیوز پیمرا کے اظہار وجوہ نوٹس کا جواب دے، سپریم کورٹ

حسن مصطفیٰ نے ٹی وی چینل کے مالک کی جانب سے اپنی شکایت میں بول نیوز پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے میر شکیل، میر ابراہیم اور جیو نیوز کے خلاف جان کی دھمکی دیتے ہوئے نفرت آمیز باتیں نشر کیں اور میر شکیل الرحمٰن کو غدارِ وطن بھی کہا۔

انہوں نے بول نیوز کے پروگرام 'ایسے نہیں چلے گا' کے خلاف علیحدہ شکایت درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ بول نیوز کے اینکر عامر لیاقت نے جیو نیٹ ورک اور اس کے ملازمین کے خلاف منظم طریقے سے بدنام کرنے کی مہم چلائی تھی۔

اجلاس میں اس بات کا بھی مشاہدہ کیا گیا کہ بول نیوز نے بین الاقوامی طور پر قائم کی گئی صحافت کے اصول کی بھی خلاف ورزی کی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ایک عہدیدار دانیال گیلانی کی جانب سے ایک علیحدہ شکایت میں انہوں نے اے آر وائے نیوز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پروگرام '11تھ آور' میں پی آئی اے کی ایک سابق حکام کو بدنام کیا تھا۔

تاہم شکایاتی کونسل نے اے آر وائے کی انتظامیہ سے یک طرفہ کہانی بتانے سے گریز کرنے کا کہا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کے پروگرام پر پیمرا کی پابندی کالعدم قرار

اجلاس میں سچ ٹی وی کے خلاف حسن ریاض کی شکایات کا بھی ذکر کیا گیا جس میں انہوں نے سچ ٹی وی پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ان سے جبری طور پر 6 لاکھ 34 ہزار روپیے کی رقم وصول کی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ورلڈ کال کیبل کو جیو ٹی وی کی نشریات بند کرنے اور چینل کو پچھلے نمبروں پر بھیجنے پر دو شو کاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔

اجلاس میں ورلڈ کال کیبل پر 10 لاکھ روپیے جرمانے کی تجویز بھی دی گئی۔

واضح رہے کہ پیمرا کے شکایاتی کونسل کے اجلاس کی سربراہی پروفیسر محمد انعام باری کر رہے تھے۔