کھیل

اسپاٹ فکسنگ کیس: پی سی بی نے محمد سمیع کو طلب کرلیا

بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق الزامات پر محمد سمیع کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، پی سی بی حکام
|

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) نے فاسٹ باؤلر محمد سمیع کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ہونے کے الزام پر فوری طلب کر لیا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ رائٹ آرم فاسٹ باولر محمد سمیع سے ابتدائی تحقیقات مکمل ہوگئیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد سمیع نے تمام سوالات کے جوابات دے دئیے ہیں تاہم پی سی بی نے محمد سمیع کو ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی۔

انہوں نے بتایا پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل اعظم معلومات کا جائزہ لے کر مزید کاروائی کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کریں گے

انہوں نے کہا محمد سمیع کو ابھی شوکاز نوٹس یا چارج شیٹ جاری نہیں کیا جارہا

خیال رہے کہ محمد سمیع حالیہ دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں راج شاہی کنگز سے کھیل رہے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو محمد سمیع کی اسپاٹ فکسنگ سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ کی کہانی، کب، کیا اور کیسے ہوا

پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) نے محمد سمیع پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے پیش نظر انہیں فوری طور پر پی سی بی ہیڈ کوارٹرز طلب کرلیا تھا جس کے بعد محمد سمیع بنگلہ دیش سے آج پاکستان آئے اور اے سی یو کے سامنے پیش ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق معلومات پر محمد سمیع کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ: عرفان پر ایک سال کی پابندی عائد

اس سے قبل 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران محمد عامر اور دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی.

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں تینوں پاکستانی کھلاڑیوں پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

محمد عامر اور آصف کے ساتھ ساتھ اس وقت کے قومی ٹیم کے کھلاڑی سلمان بٹ پر 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر پیسوں کے لیے نوبال کیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹر محمد عامر پر پابندی ختم

علاوہ ازیں محمد عرفان کو رواں سال مارچ کے مہینے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے پیش نظر 6 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔

اگست کے مہینے میں اے سی یو کی جانب سے شرجیل خان کو پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں 5 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی ۔

بعد ازاں خالد لطیف کو بھی اس ہی کیس میں 5 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔