پاکستان

پاک فوج نے افغانستان میں اغوا ہونے والے پاکستانی انجینئر کو بازیاب کرلیا

طورخم -جلال آباد روڑ منصوبے میں کام کرنے والے ملک فیض احمد کو رواں سال اگست میں اغوا کیا گیا تھا۔
Welcome

پاک فوج نے رواں سال افغانستان میں اغوا ہونے والے پاکستانی انجینیئر ملک فیض احمد کو بازیاب کروا دیا۔

راولپنڈی کے رہائشی ملک فیض احمد کو رواں سال 21 اگست کو اغوا کیا گیا تھا جو طورخم-جلال آباد روڈ کے منصوبے پر کام کررہے تھے کہ انھیں افغانستان سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

ملک فیض احمد کے بیٹے فرحان ملک کا کہنا تھا کہ ان کے والد 105 دن بعد گھر واپس لوٹے ہیں۔

فرحان ملک نے میڈیا اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'والد صاحب بخیر وعافیت گھر پہنچ گئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کو پشاور لایا گیا تھا جہاں اہل خانہ ان کو لینے گئے پھر واپس گھر آگئے۔

—فوٹو:ڈان نیوز

قبل ازیں اغوا ہونے والے انجینیئر کے بیٹے نے اپنے والد کی بازیابی کے لیے مدد طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے زیر کمپنی میں کام کر رہے تھے کہ انھیں اغوا کرلیا گیا۔

انھوں نے حکام سے اپیل میں کہا تھا کہ 'اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد ان کی بازیابی کے بدلے پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیوں کی زیرحراست ان کے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں تاہم کوئی مصدقہ اطلاع اب تک نہیں ہے'۔

انجینیئر کی بازیابی کے باوجود تاحال یہ واضح نہ ہوسکا کہ کن شرائط پر ان کی رہائی عمل میں آئی ہے۔