’ہمارا پیار لکھا نہیں گیا تھا، ہم رومانوی تھے‘
حال ہی میں ہولی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک‘ کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے گزشتہ 20 سال سے لوگوں کے اس سوال کا جواب دیا تھا کہ بالآخر فلم میں ہیرو’جیک‘ (لیونارڈو ڈی کیپریو‘ کو مار کیوں دیا جاتا ہے۔
جیمز کیمرون نے کہا تھا کہ اگر فلم میں ’جیک‘ کو مار نہیں دیا جاتا تو فلم مقصد سے خالی رہ جاتی، اور یہ کہ فلم کے اسکرپٹ میں ان کی موت لکھی ہوئی تھی۔
تاہم اب اس فلم کی ہیروئن ’روز‘ (کیٹ ونسلیٹ) نے کہا ہے کہ فلم ٹائی ٹینک میں ان کے اور لینارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری نے ان کے پیارکو فلم میں مثالی بنایا۔
امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کے معروف کامیڈی شو ’دی لیٹ شو ود اسٹیفن کولبرٹ‘ میں اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ ’ان کے خیال کے مطابق ان کا پیار فلم کے اسکرپٹ میں لکھا نہیں گیا تھا، بلکہ اس دن وہ رومانوی موڈ میں ہی فلم کے سیٹ پر پہنچے تھے‘۔
اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کا اشارہ اس دن کی شوٹنگ کی طرف تھا، جس دن فلم کے آخری مناظر شوٹ کیے گئے تھے، جس میں ہیرو جیک کو یخ ٹھنڈے پانی میں سسکیاں بھرتے ہوئے روز کے ہاتھ میں مرتا ہوا دکھایا گیا تھا۔