اپنے عزیز سمندر میں ہم نے مچھلی نہیں دشمنی پالی ہوئی ہے
خلا نورد جب خلا سے اِس زمین کو دیکھتے ہیں تو اُنہیں یہ ایک ’نیلے کرہ‘ کی شکل میں نظر آتی ہے۔ یہ سچ ہے کہ ہماری زمین کا 70 فیصد حصہ نیلگوں سمندری پانی سے ڈھکا ہوا ہے اور صرف 30 فیصد رقبہ ایسا ہے جس پر ہم انسان اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔
سمندر اور انسان کا ساتھ بہت پرانا ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ ہر ملک کو سمندر کا تحفہ ودیعت کیا گیا ہو، اِس حوالے سے ہمارا پیارا ملک پاکستان ایک انفرادی حیثیت رکھتا ہے کہ صرف سمندر ہی نہیں بلکہ اِس کے حصے میں تو یہ سعادت بھی آئی ہے کہ یہاں ساحلوں سے لے کر گلیشیئر تک مختلف النوع کے ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) موجود ہیں۔
پاکستان کے جغرافیے کو اگر دیکھیں تو ہماری سرزمین پر سنہری ریتیلے ساحلوں سے لے کر منجمند برفانی پہاڑی چوٹیوں تک حیات کی رنگا رنگی اور دلکش مناظر بچھے ہوئے ملتے ہیں۔ پاکستان 11 جغرافیائی، 10 زرعی ماحولیاتی اور 9 بڑے ماحولیاتی زون میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ایسے ممالک دنیا میں کم ہی پائے جاتے ہیں جہاں ہر اقسام کے ماحولیاتی نظام موجود ہوں۔
سمندر انسان کے ہمیشہ سے محسن رہے ہیں، یہ صرف خوراک ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ سورج کی شعاعوں کو جذب کرکے، اپنی لہروں کے ذریعے پھیلا کر اُن شعاعوں کی قوت کو تقسیم کرتے ہیں جس کے نتیجے میں انسان کو زمین پر خوشگوار موسم ملتے ہیں۔