نیٹ فلیکس نے بولی وڈ فلموں کی پروڈکشن بھی شروع کردی
دنیا کا مشہور ترین اور جانا مانا ویڈیواسٹریمنگ نیٹ ورک ’نیٹ فلیکس‘ بولی وڈ فلموں سمیت بھارت کے ڈرامے تو کب سے نشر کر رہا تھا، تاہم اب اس نے بولی وڈ فلموں کی پروڈکشن بھی شروع کردی۔
خیال رہے کہ ’نیٹ فلیکس‘ ہولی وڈ فلموں سمیت انگریزی زبان کے ڈرامے اور فنٹیسی پروگرام بھی بناتا رہا ہے، جب کہ یہ نیٹ ورک ریئلٹی شوز سمیت موسیقی کے پروگرام بھی بناتا ہے۔
نیٹ فلیکس کی جانب سے بنائی جانے والی فلموں کو عام سینما گھروں کی زینت نہیں بنایا جاتا، بلکہ انہیں صرف اسی ویڈیو اسٹریمنگ نیٹ ورک پر ہی دیکھا جاسکتا ہے۔
نیٹ فلیکس بولی وڈ و بھارتی فلموں اور ڈراموں کو نشر کرنے کے بعد اب بولی وڈ فلموں کی پروڈکشن بھی کرے گا، اور نیٹ ورک نے اس حوالے سے پہلی فلم کی پروڈکشن شروع کردی، جسے آئندہ برس کے آغاز میں ہی نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا۔
ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق نیٹ فلیکس نے بھارتی پروڈکشن ہاؤس ’ آر ایس وی پی‘ کے بینر تلے بننے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو پر اسکائر فوٹ‘ کو پروڈیوس کرنے سے بولی وڈ فلموں کی پروڈکشن کا آغاز کردیا۔