لائف اسٹائل

برطانوی شہزادے کی امریکی اداکارہ سے شادی کا اعلان

برطانیہ کےشاہی خاندان کی جانب سےجاری بیان میں اعلان کیا گیا کہ شہزادہ ہیری اورہولی وڈ اداکارہ کی رواں ماہ منگنی بھی ہوئی

برطانوی شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی منگنی کی افواہیں طویل عرصے سے گردش کررہی تھیں، اور اب آخر کار ان کی شادی کے حوالے سے شاہی خاندان نے بیان جاری کردیا۔

کینزنگٹن پیلس سے جاری بیان میں ان دونوں کی اگلے سال شادی کا اعلان کیا گیا۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ سے منگنی، بکیزکا کاروباربند

اس بیان میں بتایا گیا کہ ’شہزادہ چارلس کو شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی منگنی کا اعلان کرنے میں بےحد خوشی محسوس ہورہی ہے، ان دونوں کی شادی 2018 کے آغاز میں ہوگی، شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا‘۔

ان دونوں کی منگنی رواں ماہ لندن میں ہوئی اور شادی کے بعد ہیری اور میگھن لندن کے کینزنگٹن پیلس میں ہی رہیں گے۔

ان دونوں کی شادی 2018 کے آغاز میں ہوگی —۔

خیال رہے کہ 33 سالہ شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیں، جن کی امریکی اداکارہ 36 سالہ میگھن مارکل سے محبت کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی آرہی ہیں۔

دونوں کے درمیان 2 سال سے معاشقے کی خبریں سامنے آئیں، جب کہ دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ بھی دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی محبت پر پریانکا کیوں خفا؟

شہزادہ ہیری 36 سالہ اداکارہ میگھن مارکل سے متعلق میڈیا کی جانب سے غلط اور نازیبا خبریں شائع کرنے پر برہمی کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے شاہی خاندان کی ایک خاص انگوٹھی میں لیڈی ڈیانا کے بروچ کے ہیرے سجائے گئے ہیں اور منگنی کے موقع پر میگھن مارکل کو یہی انگوٹھی دی گئی۔