فلم ’پدماوتی‘، اصل ناانصافی تو ’علاوالدین خلجی‘ کے ساتھ ہوئی ہے
ہندوستانی سینما میں سنجے لیلا بھنسالی ہمہ جہت صلاحیتیں رکھنے والے فلم ساز ہیں۔ کمرشل اور آرٹ سینما میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، بالخصوص آرٹ سینما کے لیے فلمیں تخلیق کرتے وقت اِس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ وہ کمرشل فلموں کی طرح پسند کی جائیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی فلموں کے اسکرپٹ اور اداکاروں کے انتخاب میں بے حد حساس واقع ہوئے ہیں، خاص طور پر برِصغیر کی تاریخ اُن کا پسندیدہ موضوع ہے۔
اِس تناظر میں اب تک وہ ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی شاندار فلم بھی بنا چکے ہیں، جبکہ ’خاموشی‘، ’گزارش‘، ’بلیک‘، ’ہم دل دے چکے صنم‘، ’دیو داس‘ اور ’رام لیلا‘ جیسی عمدہ فلمیں بھی اِن کے کھاتے میں سنہری حروف میں درج ہیں۔
فلم ’پدماوتی‘ کے تنازعہ کی ابتداء اور بگڑتی صورتحال
گزشتہ برس سے سنجے لیلا بھنسالی اپنی نئی فلم پدماوتی پر کام کررہے ہیں۔ بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے اِس بار موضوع کے انتخاب میں اُن سے کوئی تکنیکی غلطی ہوئی ہے کیونکہ اِس فلم کے حصے میں اب تک صرف تنازعات ہی آئے ہیں۔ پچھلے سال مغربی ہندوستان کی ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے معروف تاریخی مقام ’جے گڑھ فورٹ‘ میں سنجے لیلا بھنسالی اور اُن کے ساتھیوں پر انتہاپسندوں کی طرف سے حملہ ہوا، کچھ عرصے بعد ایک اور ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہا پور میں اُن کی فلم کا سیٹ نذرِ آتش کردیا گیا۔ مختلف لسانی و مذہبی تنظمیوں کی طرف سے دھمکیوں کا تاحال سلسلہ جاری ہے، جن میں انتہا پسند ہندو راجپوتوں کی تنظیم ’کرنی سینا‘ پیش پیش ہے۔
انتہا پسندوں نے پدماوتی کا کردار نبھانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ناک اور اداکار رنویر سنگھ کی ٹانگیں کاٹنے کی دھمکی دی ہے، جبکہ دوسری طرف حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سورج پال امو نے سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کا سر قلم کرنے پر 10 کروڑ روپے کا انعام بھی مقرر کیا ہے۔ ایک اور انتہاپسند تنظیم کی طرف سے اِن دونوں کے سر کی قیمت 5 کروڑ لگائی جاچکی ہے۔ حال ہی میں بھارتی شہر جے پور کے مشہور ’نہر گڑھ ‘ قلعہ پر ایک شخص کی پھندہ لگی لاش بھی جھولتی ہوئی پائی گئی ہے، جبکہ اُس کے قریب ایک دھمکی آمیز تحریر بھی ملی، جس پر کئی مزید دھمکیوں کے ساتھ ساتھ ’پدماوتی‘ درج تھا۔
مخالفت اور حمایت میں بلند ہونے والی آوازیں
اِس فلم کی مخالف آوازوں میں ایک طرف تو ہندوستان کی حکمران پارٹی بی جے پی، حزبِ اختلاف کانگریس، راجستھان کا سابق شاہی خاندان، انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل، مدھیا پردیش کے وزیر اعلیٰ سمیت کئی بھارتی فنکار بھی شامل ہیں، لیکن مخالف رائے رکھنے والے فنکاروں کی اکثریت تاحال خاموش ہے۔ دوسری طرف چند ایک فنکاروں نے اِس فلم کی حمایت میں بھی اپنی آواز بلند کی، جن میں سلمان خان، شبانہ اعظمی، کرن جوہر، فرحان اختر، ہریتک روشن، انوراگ کیشپ، رام گوپال ورما، عالیہ بھٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ بولی ووڈ کی چھوٹی بڑی تنظیموں سمیت ’انڈین فلمز اینڈ ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن‘ نے بھی اپنا احتجاج بلند کیا ہے، جس میں انہوں نے خود سنجے لیلابھنسالی کے ساتھ کھڑے ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
فلم کی نمائش منسوخی اور نئی تاریخ
ابتدائی طور پر اِس فلم کی ریلیز کا دن یکم دسمبر 2017ء تھا، پہلے سینسر بورڈ کی طرف سے اِس کو روکا گیا، لیکن عدالتی حکم کے بعد نمائش کرنے کی اجازت دے دی گئی، مگر حالات بگڑتے دیکھ کر سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کی نمائش رضاکارانہ طور پر معطل کردی۔ اب اِس فلم کو نئی تاریخ کے مطابق 12 جنوری 2018ء یعنی مہینے کے دوسرے ہفتے میں ریلیز کیا جائے گا، البتہ برطانیہ میں یہ فلم دھمکیاں موصول ہونے کے باوجود، یکم دسمبر کو ہی ریلیز ہو رہی ہے۔ ابتدائی دنوں میں پاکستان میں سینما گھروں کی طرف سے بھی اِس فلم کی نمائش کے لیے تشہیر کی گئی تھی، مگر اب انتہائی خاموشی سے اِس کی ریلیز اور تشہیر دونوں کا سلسلہ منقطع کردیا گیا ہے۔
’پدماوتی‘ تاریخ کی نگاہ سے
چونکہ اِس فلم کی وجہ سے کئی بڑے تنازعات نے جنم لیا اور اب نوبت موجودہ حالات تک آن پہنچی ہے، اِس لیے اِسی تناظر میں مزید کچھ باتیں جاننے کی ضرورت ہے۔
اِس فلم کا مرکزی خیال 1540ء میں لکھی گئی طویل نظم ’پدماوتی‘ سے لیا گیا ہے، جس کے خالق صوفی شاعر ملک محمد جائسی ہیں۔ اِس نظم کے مطابق، کہانی میں راوی ایک توتا ہے، جو چتوڑ کی رانی پدماوتی کے لیے شوہر تلاش کرتا ہے، اور کئی مواقعوں پر اپنی جان بچاکر اِس کہانی کو آگے بڑھاتا ہے۔