مظاہرین کی حمایت میں کراچی میں دوسرے روز بھی معمولاتِ زندگی معطل
کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہرین ایک مرتبہ پھر جمع ہونا شروع ہوگئے اور اسٹار گیٹ، سہراب گوٹھ، لیاقت آباد ڈاکخانہ پر سڑکوں کو بلاک کر دیا گیا جس کے بعد ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
سپر ہائی وے کی جانب جانے والی شاہراہ پاکستان جو ملک بھر میں ٹینکر کی ترسیل کی اہم شاہراہ ہے وہاں آئل ٹینکر کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور علاقے میں جلاؤ گھیراؤ کی وجہ سے وہاں موجود ٹینکر ڈرائیورز کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے۔
ٹینکر ڈرائیورز ایسے میں مطالبہ کر رہے ہیں ان کی گاڑیوں کو یہاں سے نکالنے کے لیے حکومت اقدامات کرے۔
ادھر کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر بھی مذہبی جماعت کا دھرنا گزشتہ روز سے جاری ہے جہاں مظاہرین نے حکومت کو واضح کیا ہے کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: فیض آباد آپریشن: شیلنگ، گرفتاریاں اور جھڑپیں
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں اب تک 35 سے زائر افراد زخمی ہوچکے ہیں۔