سندھ ہائی کورٹ میں خواتین وکلا کیلئے کمرہ مختص
اس سے قبل خواتین وکلاء مرد وکلاء کے ساتھ بار ایسوسی ایشن کے ہال میں ہی بیٹھتی تھیں۔
مسلسل 2 سال کی محنت کے بعد بالآخر سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) میں خواتین وکلاء کے لیے خصوصی کمرہ مختص کردیا گیا، جس میں اب خواتین قانوندان آرام سے بیٹھ کر قانونی مسائل حل کریں گی۔
خیال رہے کہ اس کمرے کے مختص کیے جانے سے قبل خواتین وکلاء مرد وکلاء کے ساتھ ہی ایک کمرے میں بیٹھتی تھیں۔
اگرچہ اپنے مرد ساتھی وکلاء کے ساتھ خواتین وکلاء کو بیٹھنے میں کوئی زیادہ مسئلہ درپیش نہیں تھا، لیکن جہاں صوبہ سندھ اور ملک کے دیگر عدالتوں میں خواتین وکلاء کے بیٹھنے کے لیے کمرے مختص ہیں، اسی طرح سندھ ہائی کورٹ میں خواتین کے لیے کمرہ مختص نہیں تھا۔
ملک کی بڑی عدالتوں میں سے ایک اور صوبے کی اعلیٰ عدالت میں اپنے لیے کمرے کو مختص کیے جانے کو خواتین وکلاء اپنی چھوٹی سی کامیابی قرار دے رہی ہیں۔