لائف اسٹائل

’کرش 4‘ کے ولن نوازالدین صدیقی؟

فلم ’کرش 4‘ کے ہدایت کار راکیش روشن نوازالدین صدیقی کو فلم کے ولن کے کردار کیلئے سائن کرنا چاہتے ہیں۔

بولی وڈ کے خوبرو اداکار ہریتھک روشن کی کامیاب سُپر ہیرو فلم سیریز ’کرش‘ کے چوتھے حصے پر کام جاری ہے، جس میں ولن کے کردار کے لیے اداکار نوازالدین صدیقی کا نام سامنے آیا ہے۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن کے والد اور فلم ’کرش 4‘ کے ہدایت کار راکیش روشن نوازالدین صدیقی کو فلم کے ولن کے کردار کے لیے سائن کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ سائنس فکشن فلم ’کرش 4‘ کی تیاریاں

فلم سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’ہریتھک اور کرش فلم کی مکمل ٹیم ولن کے کردار کے لیے ایک ایسے اداکار کی تلاش کررہے ہیں جس کی اداکاری نہایت شاندار ہو، اور نوازالدین صدیقی سے بہتر اس کردار کو کون ادا کرے گا؟ وہ کئی فلموں میں اس قسم کے کردار ادا کرچکے ہیں، نواز خود بھی اس فلم میں دلچسپی لے رہے ہیں، تاہم ابھی فائنل فیصلہ نہیں کیا گیا‘۔

خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی نے سلمان خان کی کامیاب فلم ’کک‘ میں ولن کا دلچسپ کردار ادا کیا تھا۔

ان کے اس کردار سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ فلم ’کرش 4‘ کے ساتھ بھی انصاف کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کرش 4‘ کب ریلیز ہوگی؟

جہاں انہوں نے اب تک اس خبر کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید، وہیں فی الحال فلم میں مرکزی اداکارہ کی تلاش بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’کرش‘ 2006 میں ریلیز ہوئی۔

یہ ہریتھک روشن کی 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کوئی مل گیا‘ کا سیکوئل تھی۔

اس کے بعد ’کرش 3‘ 2013 میں ریلیز ہوئی۔

مزید پڑھیں: کرش تھری کا ریکارڈ بزنس

یہ سب ہی فلمیں باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔

ان فلموں میں ہریتھک روشن کے علاوہ، ریکھا، پریتی زنٹا، پریانکا چوپڑا، کنگنا رناوٹ اور ویویک اوبرائے نے اہم کردار ادا کیے۔

کرش 4 کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال ہوگا۔