’ایوانکا ٹرمپ کے بھارتی دورے کو خفیہ رکھا جائے‘
امریکی حکام نے بھارتی حکام سے درخواست کی ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور وائیٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کو انتہائی خفیہ رکھا جائے۔
ساتھ ہی امریکی حکام نے بھارتی عہدیداروں کو خبردار بھی کردیا کہ اگر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کی معلومات عام کی گئیں، اور ان کی سیکیورٹی کے مسائل ہوئے تو ان کا دورہ ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ایوانکا ٹرمپ رواں ماہ 28 نومبر سے بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں ہونے والی ’گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ’ (جی ای ٹی) میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کریں گی۔
جی ای ٹی کانفرنس حیدرآباد دکن کے انٹرنیشنل کنوینشن سینٹر (ایچ آئی سی سی) میں ہوگی، جس میں کم سے کم 1200 افراد شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایوانکا ٹرمپ اے آر رحمٰن کے کنسرٹ میں شرکت کریں گی
ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی سربراہی کریں گی، جب کہ وہ کانفرنس میں خواتین کی خودمختاری، ان کی کاروبار میں اہمیت سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو بھی کریں گی۔
رواں برس ہونے والی جی ای ٹی کانفرنس کی تھیم ’سب سے پہلے خواتین، خوشحالی سب کے لیے‘ رکھی گئی ہے، تھیم کو نظر میں رکھتے ہوئے کانفرنس میں کاروبار، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں خواتین کی اہمیت و حیثیت پر بات کی جائے گی۔
ممکنہ طور پر ایوانکا ٹرمپ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پرتعیش عشائیے میں بھی شرکت کریں گی، جب کہ پہلے یہ خبریں بھی تھیں کہ وہ حیدرآباد دکن میں ہی ہونے والے موسیقار اے آر رحمٰن کے میوزک کنسرٹ میں بھی شرکت کریں گی، تاہم اب یہ ممکن نظر نہیں آ رہا۔