پاکستان

فلم ’سات دن محبت ان‘عیدالفطر پر ریلیز ہوگی

ماہرہ خان کی فلم کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ ماہ کردیا گیا تھا، اب اس کی نمائش کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا۔

طویل تنازعات اور جدوجہد کے بعد اگرچہ ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمائش کی اجازت دے دی گئی، تاہم ان کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کی آنے والی رومانٹک فلم ’سات دن محبت ان‘ آئندہ برس عیدالفطر پر ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ ’ڈان فلمز‘ کی جانب سے بنائی جانے والی پہلی فلم ’سات دن محبت ان‘ کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ ماہ کردیا گیا تھا، تاہم اب اس کی ریلیز کا اعلان بھی کردیا گیا۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل رمل علی بھی اس کے ذریعے فلم ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سات دن محبت اِن‘ کی شوٹنگ کا آغاز

فلم ڈیبیو کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے رمل کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنے کردار کا نام تو نہیں بتا سکتیں، لیکن وہ فلم میں ایک مخنث ڈانسر بنی ہیں، جو کلب میں ڈانس کرتی ہیں، وہ فلم میں ایک گانے میں رقص کریں گی، جس میں شہریار ان کے ساتھ پرفارم کریں گے‘۔

مخنث ماڈل رمل علی خصوصی گانے پر رقص بھی کریں گی—فائل فوٹو

فصیح باری خان کی لکھی گئی اس فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکے کی کہانی ہے، جو کراچی کے ہجوم میں اپنی محبت کی تلاش میں سرگرداں ہے، ہر رومانوی کہانی کی طرح اس لڑکے کو کئی مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، جسے پار کرکے اسے اپنی منزل حاصل کرنی ہوگی۔

رومانٹک کامیڈی فلم ’سات دن محبت ان‘ کی مرکزی کاسٹ میں ماہرہ خان، شہریار منور صدیقی، جاوید شیخ، میرا سیٹھی، آمنہ الیاس، عامر قریشی اور عدنان شاہ ٹیپو بھی شامل ہیں۔

میرا سیٹھی بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں—فائل فوٹو

مزید پڑھیں: جاوید شیخ ’سات دن محبت ان‘ کا حصہ

فلم کی ہدایات’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں کی ہدایات دینی والی مینو گوراور فرجاد نبی دیں گے، جب کہ فلم کی موسیقی نامور موسیقارارشد محمود، شجاع حیدر اور شانی ارشد ترتیب دیں گے۔

فلم کی ٹیم نے ’سات دن محبت ان‘ کو 2018 میں ریلیز کرنے کا اعلان تو کیا تھا، تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ماہ تک فلم کی پہلی جھلک جاری کردی جائے گی۔