ٹیسلا نے پہلا الیکٹرک ٹرک متعارف کرادیا
معروف امریکی آٹوموبائلز، آٹومیکر اور انرجی کمپنی ٹیسلا نے پیٹرولیم مصنوعات کے بغیر چلنے والا اپنا پہلا سیمی الیکٹرک ٹرک متعارف کرادیا۔
خیال رہے کہ ٹیسلا کافی عرصے سے الیکٹرک ٹرک کی تیاری میں مصروف تھا، امریکی کمپنی نہ صرف ٹرک بلکہ بس اور کاروں سمیت جدید ترین الیکٹرک طیارے بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ٹیسلا نے ہی اپنی شریک کمپنی اسپیس ایکس کے ساتھ 2024 تک انسانوں کو دنیا سے مریخ لے جانے کے منصوبے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
کمپنی کے سربراہ ایلون ماسک نے رواں برس جون میں مریخ پرآئندہ 50 سال کے دوران 10 لاکھ افراد پر مشتمل شہر بسانے کا بھی اعلان کر رکھا ہے، اور اسی منصوبے کے تحت 2024 تک انسانوں کو مریخ لے جایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا مکمل الیکٹرک ٹرک تیار
اب اسی کمپنی نے ہی اپنا پہلا الیکٹرک سیمی ٹرک متعارف کرادیا، جس کی فروخت 2 سال بعد شروع کی جائے گی۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ سیمی ٹرک صرف 30 سے 40 منٹ کی چارجنگ کے بعد 500 کلو میٹر تک چلنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے الگ سے پیٹرولیم اسٹیشن کی طرح الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن بنائے جاتے ہیں۔
یہ ٹرک محض 5 سیکنڈ میں زیرو سے 60 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار پکڑتا ہے، جب کہ 8 ہزار پاؤنڈ وزن کے ساتھ یہ ٹرک یہی رفتار 20 سیکنڈ میں پکڑے گا۔