’بھارت افغان سرزمین سے بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے‘
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداردی ( سی پیک) کو نقصان پہنچانے کے لیے افغان سر زمین بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں استعمال کی جارہی ہے۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( یو ای ٹی) میں 24 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت افغان سرزمین کا استعمال کرکے بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، ہم نے پروجیکٹ پر کام کرنے والوں کی سیکیورٹی کے لیے بارڈر چیک پوسٹوں پر بڑی تعداد میں فورسز تعینات کی ہیں۔
کانووکیشن میں 22 پی ایچ ڈی، 557 ایم فل اور ایم ایس سی، 1654 بی ایس سی سمیت طلباء میں 2ہزار 233 سے زائد ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
کانووکیشن میں وزیر داخلہ احسن اقبال کو جامعہ کی مضبوطی اور خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔
مزیر پڑھیں: آپریشن رد الفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، احسن اقبال
اپنے خطاب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت انتہا پسندی ختم کرنے کے لیے مضبوط حکمت عملی پر کام کررہی ہے، بلوچستان کی بلیدا تحصیل میں 15 افراد کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور حکومت اس تحقیقاتی رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ بلوچستان میں سرحد پار سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، حکومت افغان سرحد پر مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے گریچویشن مکمل کرنے والے طلباء کو مبارک باد دی اور لوگوں کو پیشہ ورانہ بنانے پر یو ای ٹی کے کردار کو سراہا۔
کانووکیشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر اس فیصلہ پر عمل کیا لیکن فیصلے پر تحفظات پارٹی کا حق ہے، جیسے ذوالفقار علی بھٹو کی پانسی کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کو تحفظات تھے۔
اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کے دھرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہتا تھا کہ یہ عمران خان اور طاہرالقادری کی جانب سے شروع کیے گئے دھرنے کا فالو اپ ہے، ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2002 میں کچھ حساس اداروں نے ان کو تحویل میں لیا اور ان پر پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت پر زور دیا لیکن انہوں نے اپنی وفاداری نہیں تبدیل کی۔
یہ بھی پڑھیں: مایوسی کو اب امید میں بدلنا چاہیے، احسن اقبال
انہوں نے ملک میں حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اربوں روپے تعلیم پر خرچ کیے اور طلباء کو مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے تاکہ وہ ملک کو ڈیجیٹل مارکیٹ میں مقابلے کے قابل بنایا جاسکے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 4 برسوں میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع کیے، عوام کو 3 جی اور4 جی موبائل ٹیکنالوجی فراہم کی، جبکہ ملک میں 5 جی کی شروعات بھی زیادہ دور نہیں۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کے وزیر علی رضا گیلانی نے کہا کہ طلباء اور گریجویٹ سی پیک میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم کے ذریعے خواتین کا بااختیار بنانے اور انہیں مرکزی سطح پر لانے کے لیے مواقع فراہم کر رہی۔
یو ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کانووکیشن سے خطاب میں کہا کہ قوم کی تعمیر میں جامعات اہم کردار ادا کررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی مختلف تعلیمی اور صںعتی اداروں سے مفاہمت کی یادداشت دستخط کرکے صلاحیت کی تعمیر، لیبارٹرری، ریسرچ سینٹر، مضامین کی اپ گریڈیشن و دیگر فیلڈ کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے۔
یہ خبر 17 نومبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی