پاکستان

نواز شریف کا نام پاکستان کی سیاست سے ختم ہوجائے گا، شیخ رشید

(ن) لیگ کے188اراکین قومی اسمبلی میں سے ایسے50اراکین کی لسٹ دے سکتا ہوں جو (ن) لیگ کے ہوتے ہوئے بھی فاصلے پر ہیں،شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں نواز شریف کا نام پاکستان کی سیاست سے ختم ہو جائے گا اور مسلم لیگ (ن) کی شاہد خاقان عباسی قیادت کرسکتے ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’آئینی اور قانونی طور پر ضروری ہے کہ الیکشن شفاف ہوں، میں عمران خان کا ساتھی ہوں اگر وہ کہتے ہیں کہ وقت سے پہلے الیکشن ہوں گے تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے 188 اراکین قومی اسمبلی میں سے ایسے 50 اراکین کی لسٹ دے سکتے ہیں جو (ن) لیگ کے ہوتے ہوئے بھی فاصلے پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جان دے دیں گے لیکن راولپنڈی کی آواز اور ضمیر کو دبنے نہیں دیں گے، جبکہ لوگ اس بات پر ان کے ساتھ ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کئی سال تک نواز شریف 5 ہزار روپے ٹیکس دیتے رہے ہیں، اتنا تو پی ٹی وی کا خاکروب دیتا ہے، پھر کہا جاتا ہے انصاف کی حکومت ہے۔

مزید پڑھیں: حدیبیہ کیس میں کب کیا ہوا؟ مکمل جائزہ

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اسحٰق ڈار اعترافی بیان دے کر منی لانڈرنگ کے ڈر سے بھاگے ہوئے ہیں اور وہ اب وطن واپس نہیں آئیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاناما کیس کی سماعت کے دوران جب ججز نے کہا کہ دستاویزات لے آؤ تو حکومتی ارکان قطری خط لے آئے، عمران خان کے کیس میں جمائمہ نے بہت زبردست کاغذات دیئے، اب سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا۔‘

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مستقبل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ’(ن) لیگ کی شاہد خاقان عباسی قیادت کر سکتے ہیں جبکہ نواز شریف کا نام پاکستان کی سیاست سے ختم ہوجائے گا۔‘

سندھ بالخصوص کراچی کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’مہاجر بہت سمجھدار، محب وطن اور پڑھے لکھے لوگ ہیں، جبکہ مہاجر جس کو ووٹ دیں گے کراچی اُسی کا ہوگا۔‘