کھیل

محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ایک مرتبہ پھر غیر قانونی قرار

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن تیسری مرتبہ غیر قانونی قرار دیاگیا جبکہ اس قبل دو مرتبہ ان باؤلنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا جاچکاہے۔
|

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان پر بین الاقوامی مقابلوں کے دوران باؤلنگ کرانے پر پابندی عائد کردی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محمد حفیظ کے ہاتھ میں ٹیسٹ کے لیے باؤلنگ کراتے ہوئے متعدد مرتبہ 15 ڈگری کی قانونی حد سے زیادہ خم دکھائی دیا۔

اعلامیہ کے مطابق محمد حفیظ پر ہر طرح کی کرکٹ میں باؤلنگ کرانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی زیرِ سرپرستی اپنے ملک کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں باؤلنگ کرانے کے اہل ہوں گے۔

محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن کو درست کرکے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کی متعین کردہ بائیومکینک لیب سے اپنا ٹیسٹ کروا کر باؤلنگ کے اہل ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’حفیظ کا باؤلنگ ایکشن صحیح قرار دے دیا جائے گا’

حفیظ کو اب بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے،وسیم اکرم

پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دینے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’یہ کسی بھی آل راؤنڈر کے لیے تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے جب وہ باؤلنگ یا بیٹنگ کے قابل نہ رہے، تاہم اب محمد حفیظ کو اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔‘

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ جب محمد حفیظ زیادہ باؤلنگ کرتے ہیں تب ان کی کہنی میں زیادہ خم آتا ہے، کیونکہ وہ مسلسل باؤلنگ کی وجہ سے تھکے ہوئے ہوتے ہیں۔‘

سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ کے دوران محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا تھا۔

میچ آفیشلز نے آئی سی سی کو اس حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ انہیں 37 سالہ اسپنر کے ایکشن کے قانونی ہونے کے حوالے سے تحفظات ہیں جبکہ یہ رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دے دی گئی تھی۔

محمد حفیط گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو اپنے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے لندن گئے تھے جبکہ رواں ماہ 2 نومبر کو ان کا ٹیسٹ لیا گیا تھا۔

لندن روانگی سے قبل محمد حفیظ ٹیسٹ کلیئر ہونے کے حوالے سے پُرامید تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ ایکشن میں تبدیلی کے بعد سے اب تک اس میں کوئی فرق نہیں آیا جبکہ اب بھی ٹیسٹ کے دوران کوئی ایسی گیند نہیں نظر آئی جس پراعتراض کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ یکم نومبر کو لینے کی درخواست

آل راؤنڈر کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کنسلٹنٹ کارل کرو نے بھی اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ تجربہ کار آل راؤنڈر کا ایکشن درست قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال دسمبر میں انہیں باؤلنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان دلچسپ مقابلہ ٹائی ہو گیا

تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔

گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا ہے۔