ایران-عراق سرحد پر 7.3 شدت کا زلزلہ، 415 افراد ہلاک
بغداد: ایران اور عراق کے درمیان سرحدی علاقوں میں 7.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں دونوں ممالک میں اب تک 415 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ عراق اور ایران کی سرحد کے قریب آیا، جس کی شدت سے خطے کے دیگر ممالک میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے رپورٹ کیا کہ زلزلے میں 400 زائد افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں زلزلوں کی تاریخ
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران کے سرحد کے قریب عراق کا شہر حلبجہ تھا، جس کے بعد 145 کے لگ بھگ ذیلی جھٹکے (آفٹر شاکس) بھی محسوس کیے گئے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’آئی آر این اے‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ خوفناک زلزلے میں 407 افراد ہلاک ہوئے۔
ایجنسی کا کہنا تھا کہ زلزلے سے کرمنشاہ، قصر شیریں اور سَرپورلِ زہاب شہروں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔