ابوظہبی میں ’لووغ‘ میوزیم کا افتتاح
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود ملک کے سب سے عجائب گھر ’لووغ‘ کی شاخ اب ابوظہبی میں بھی کھول دی گئی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابوظہبی میں تعمیر کیے گئے میوزیم کو باقاعدہ طور پر 12 نومبر 2017 کی شام عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
’لووغ میوزیم‘ کو عوام کے لیے کھولنے کے موقع پر افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں نہ صرف عربوں بلکہ ایشیائی، یورپی و افریقی خطوں کے سیکڑوں افراد نے بھی شرکت کی۔
یہ میوزیم پیرس کی لووغ میوزیم انتظامیہ اور ابوظہبی حکومت کے درمیان ایک معاہدے کے تحت تیار ہوا۔
ابوظہبی انتظامیہ نے پیرس کی لووغ میوزیم انتظامیہ سے عجائب گھر کے مالکانہ حقوق حاصل کیے ہیں، معاہدے کے تحت پیرس انتظامیہ کو 2037 تک 400 ملین یوروز ملیں گے.
معاہدے کے تحت پیرس کی لووغ میوزیم انتظامیہ آئندہ 10 سال تک ابوظہبی میوزیم کی تزئین و آرائش کے لیے کردار بھی ادا کرے گی۔