پاکستان

بہاولپور: بی ایل اے کے تین دہشتگردوں کو سزائے موت سنا دی گئی

مجرمان نے2014میں پنجاب کے علاقے آبادپور میں گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیاتھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بہاولپور: انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو گیس پائپ لائن دھماکے کے الزام میں سزائے موت سنادی۔

اے ٹی سی عدالت نے تینوں دہشت گردوں کو سزائے موت کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن دھماکے کے الزام میں جرمانے اور جائیداد کی ضبطگی کی بھی سزا سنائی۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد محمد رمضان، میاوا اور مہردین پنجاب جنوبی ضلع رحیم یار خان سے قریب ایک علاقے آباد پور میں ریلوے ٹریک کے قریب نے سوئی سے آنے والی گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر نے ہتھیار ڈال دیئے

مذکورہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی مکانات بھی تباہ ہوگئے تھے جبکہ دھماکے کی جگہ پر لگی فصلیں بھی جل کر راکھ ہوگئی تھی۔

آباد پور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دھماکے خیز مواد کے استعمال کی دفعہ 302/34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی 7 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور چارج شیٹ بہاولپور کی اے ٹی سی عدالت میں جمع کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بلوچ لبریشن آرمی کے 3 دہشت گرد ہلاک

فیصلے میں اے ٹی سی عدالت کے جج نے سزا سناتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب سے 5 لاکھ روپے مقتول کے قانونی وارثوں کو ادا کیے جانے کے علاوہ مجرمان کی جائیدادوں کو بھی حکومت کی جانب سے ضبظ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

یاد رہے کہ رحیم یار خان کے قریب آباد پور میں مجرمان نے 2014 میں گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 11 نومبر 2017 کو شائع ہوئی