کھیل

چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ: جاپان نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دے دی

جاپانی ٹیم ابتداء سے ہی میچ پر حاوی رہی جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول عتیق ارشد نے میچ کے آخری لمحات میں کیا۔

چار ملکی بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

میلبورن ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں جاپانی ٹیم میچ کے ابتداء سے ہی پاکستان ٹیم پر ہاوی رہی اور میچ کے اختتام تک میچ پر کنٹرول رکھتے ہوئے باآسانی پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔

گزشتہ روز اسی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 کے مقابلے میں 1 گول سے تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ہاکی لیگ کے آئندہ سال انعقاد کا اعلان

جاپان کی جانب سے کینٹی تاناکا نے 14ویں اور 46 ویں منٹ میں جبکہ گینکی ماتانہ نے 50ویں منٹ میں گول کئے اور اپنی ٹیم کا اسکور 3 گول تک پہنچایا، پاکستان کی جانب سے واحد گول کھیل کے آخری لمحات میں عتیق ارشد کی جانب سے کیا گیا۔

قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا اور آخر میچ ہفتہ (11 نومبر کو) نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

خیال رہے کہ آج کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی۔