مظاہرین اور عدم منصوبہ بندی: اسلام آباد کا نظامِ زندگی مفلوج
اسلام آباد: مذہبی جماعت کی ریلی کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی اور حفاظتی اقدامات کے باعث شہر میں نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا۔
سیاسی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ اور سنی تحریک کی اسلام آباد پیش قدمی کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے کل فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دینے والے شرکاء سے مذاکرات کیے جس کے بعد انہیں اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔
قبل ازیں انتظامیہ اور پولیس حکام مظاہرہ کرنے والی جماعت کے قائدین کے پاس مذاکرات کے لیے پہنچے اور یقین دہانی کے بعد ریلی کو اسلام آباد جانے کی اجازت دی تاہم انتظامیہ کے رکن کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو دو مقامات پر جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
ریلی کے پیش نظر شہرِ اقتدار میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی تاکہ شرکاء کو ہنگامہ آرائی سے روکا جاسکے۔