دنیا

بھارت: طالب علم نے امتحانات ملتوی کرانے کیلئے ساتھی کو قتل کردیا

لڑکے پر امتحانات اور والدین و اساتذہ کی میٹنگ موخر کرانے کیلئے نجی اسکول کے ساتھی کو قتل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

بھارت میں 16 سالہ طالب علم نے امتحانات ملتوی ہونے کی امید پر اسکول کے ساتھی کو مبینہ طور پر قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق وفاقی تفتیش کاروں نے کہا کہ طالب علم نے اپنے 7 سالہ ساتھی کا قتل اس کا گلا کاٹ کر کیا۔

نوجوان لڑکے پر امتحانات اور والدین و اساتذہ کی میٹنگ موخر کرانے کے لیے نئی دہلی کے قریب اسمارٹ پرائیوٹ اسکول کے ساتھی کو قتل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

پولیس نے ابتدائی طور پر بس کنڈکٹر کو حراست میں لیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے لڑکے کو جنسی حملے میں مزاحمت پر قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست اتر پردیش میں صحافی قتل

تاہم وفاقی تفتیش کاروں کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 16 سالہ لڑکے کی جانب سے اسکول کے ساتھی کو قتل کیے جانے کے پختہ ثبوت ہیں اور اس نے ایسا امتحانات اور والدین ۔ اساتذہ کی میٹنگ ملتوی کرانے کے لیے کیا۔

سینیٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ترجمان آر کے گور نے بتایا کہ ’طالب علم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اسکول بند کرانا چاہتا تھا، تاکہ امتحانات اور میٹنگ موخر ہوجائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’قاتل لڑکے کو قتل کے ٹرائل تک بچوں کے حراستی سینٹر بھیجا جائے گا۔‘

مزید پڑھیں: بھارتی رگبی ٹیم کا سابق کھلاڑی قتل کے جرم میں گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ ’کورٹ کی طرف سے بری کیے جانے تک بس کنڈکٹر بھی حراست میں رہے گا۔‘

قتل کے اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد والدین میں اسکول میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔