کھیل

آسٹریلیا کی پاکستان کو 1-9 سے بدترین شکست

آسٹریلیا کے بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک اور آرون کلنس مڈ نے 2 گول اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے واحد گول ابوبکر محمود نے کیا۔

چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 1-9 سے بدترین شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے نیٹ بال اینڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور پاکستان کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

آسٹریلیا نے میچ میں ایک کے مقابلے میں 9 گول سے کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا کے بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک اور آرون کلنس مڈ نے دو گول اسکور کیے، جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول ابوبکر محمود نے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 0-4 سے شکست

آسٹریلیا کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 8ویں منٹ میں کیا گیا، 12ویں منٹ میں جیک ویٹن نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل کلین شمت نے شاندار فیلڈ گول کرتے ہوئے اس برتری کو مستحکم کردیا۔

32ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو میچ میں واپس لائے، تاہم ایک منٹ بعد ہی آسٹریلیا نے ایک بار پھر اپنی برتری تین گولز کی کرلی اور کلین شمت کی جانب سے ایک اور گول کیا گیا۔

کھیل کے 43ویں منٹ میں بلیک گوورز نے اپنا کھاتہ کھولا اور پنالٹی کورنر پر گول کرتے ہوئے اسکور 1-5 کر دیا۔

آخری کوارٹر میں آسٹریلیا نے مزید چار گول کرکے میچ کو یکطرفہ بنا دیا اور 1-9 سے فتح اپنے نام کی۔

مزید پڑھیں: ہاکی ایشیا کپ: پاکستان کی بنگلہ دیش کو 0-7 سے شکست

بلیک گوورز نے کھیل کے 56ویں اور پھر آخری منٹ میں بال کو جال میں پھینکتے ہوئے ٹیم کو آٹھ گولز کی برتری سے فتح دلائی۔

پاکستان ٹیم کل جاپان اور 11 نومبر کو نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل کسی بھی ٹیم سے 8 گولز کی برتری سے نہیں ہاری۔

سال 2006 کی چیمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ نے پاکستان کو 2-9 سے زیر کیا تھا۔