پاکستان

نام نہاد احتسابی عمل سے بھاگنے والے نہیں، نواز شریف

ماضی میں بھی ایسی کئی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا، ضمیر مطمئن ہے کیونکہ کوئی غلط کام نہیں کیا، سابق وزیراعظم

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ نام نہاد احتسابی عمل سے بھاگنے والے نہیں ہیں کیونکہ کچھ غلط نہیں کیا اور عدالتوں کا احترام ہے اس لیے پیش ہورہا ہوں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا غیر رسمی اجلاس ہوا جہاں انھوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بھاگنا تھا وہ بھاگ چکے لیکن وہ قانون کا احترام کرتے ہیں اس لیے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:نواز شریف، صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسی کئی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرتے رہے ہیں لیکن ضمیر مطمئن ہے کیونکہ کوئی غلط کام نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم نے ساتھ کھڑے رہنے پر پارٹی اراکین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں سیاسی صورت حال، نئی حلقہ بندیوں اور آئینی ترمیم پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے نواز شریف کو حکومتی اور دیگر سیاسی امور پر بریفنگ دی۔

نواز شریف سے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حلقہ بندیوں پر ہونے والے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے موقف سے تفصیلی آگاہ کیا۔

نواز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مردم شماری کے عبوری نتائج پر رائے عامہ ہموار کرنے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرکے معاملات طے کرنے کی ہدایت کی۔

سابق وزیراعظم سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک کے علاوہ وفاقی وزرا، وکلا اور ن لیگی رہنماؤں نے بھی ملاقاتیں کیں۔

بعدازاں سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمرا اسلام آباد سے مری روانہ ہوگئے۔