لائف اسٹائل

ہاروی وائنسٹن کی فلموں کی کمائی عطیہ کروں گا: بین ایفلک

ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 22 خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کا الزام ہے۔

جسٹس لیگ کے سپر ہیرو اور ہولی وڈ کے معروف اداکار بین ایفلک نے اداکاراؤں کو کئی سال تک جنسی طور پر ہراساں کرنے والے پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی فلموں کی کمائی عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ ہولی وڈ کے 65 سالہ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 22 اداکاراؤں و دیگر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں اور ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔

ان پر الزام لگانے والی اداکاراؤں میں معروف اداکارائیں بھی شامل ہیں، الزامات سامنے آنے کے بعد آسکر اور بافٹا ایوارڈ نے ان کی رکنیت معطل کردی، جب کہ انہیں اپنی ہی بنائی گئی کمپنی نے پروڈیوسر کے عہدے سے بھی برطرف کردیا۔

الزامات سامنے آنے کے بعد ہاروی وائنسٹن کے خلاف نیویارک پولیس اور لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے الگ الگ تحقیقات کا بھی آغاز کردیا۔

ہاروی وائنسٹن کی جانب سے 3 دہائیوں تک خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے کی نہ صرف اداکاراؤں بلکہ اداکاروں اور عالمی سیاستدانوں نے بھی مخالفت کی۔

امریکی انٹرٹینمنٹ چینل ’فاکس 5‘ کو دیے گئے انٹرویو کے دوران بین ایفلک نے کہا کہ وہ ہاروی وائنسٹن کی فلموں سے کمائی جانے والی دولت کو خواتین کے تحفظ اور سماجی بھلائی کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کردیں گے۔

بین ایفلک نے کہا کہ انہوں نے ہاروی وائنسٹن کی بنائی گئی فلموں سے جتنے بھی پیسے کمائے وہ ان کو ’فلم انڈیپینڈنٹ‘ (ایف آئی) اور ’ریپ، ابیوز اینڈ انسینٹ نیشنل نیٹ ورک (رین) جیسے اداروں کو عطیہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

اداکار نے تسلیم کیا کہ انہوں یہ فیصلہ اپنے قریبی دوست کیون اسمتھ کے فیصلے کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا۔

خیال رہے کہ فلم ساز، پروڈیوسر و اداکار کیون اسمتھ نے بھی پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے ساتھ مشترکہ طور پر بنائی گئی فلموں کی کمائی عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کیون اسمتھ کے بیان کے چند دن بعد ہی بین ایفلک نے اعلان کیا۔

ہاروی وائنسٹن نے دیگر اداکاراؤں اور اداکاروں کی طرح بین ایفلک کے کیریئر میں بھی اہم کردار ادا کیا، جب کہ جسٹس لیگ ہیرو ہاروی وائنسٹن کی متعدد فلموں میں کام بھی کرچکے ہیں۔

بین ایفلک کی آنے والی فلم ’جسٹس لیگ‘ رواں ماہ 17 نومبر کو ریلیز ہوگی۔