دنیا

سعودی ہیلی کاپٹر یمن سرحد کےقریب گر کر تباہ، شہزادہ جاں بحق

شہزادہ منصور بن مقرن یمن کی سرحد کے قریب گرنے والے ہیلی کاپٹر میں انتظامی اہلکاروں کے ہمرا سوار تھے۔

سعودی عرب کا ہیلی کاپٹر جنوبی علاقے میں یمن سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتییجے میں صوبے عسیر کے ڈپٹی گورنر شہزادہ منصور بن مقرن جاں بحق ہوگئے۔

اےایف پی کی رپورٹ کےمطابق سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق حادثے میں عسیر صوبے کے ڈپٹی گورنر شہزادہ منصور بن مقرن جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں انتظامیہ کے کئی عہدیدار سوار تھے۔

فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات سامنے نہ آسکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے یمن کے باغی حوثی قبائل کی جانب سے ریاض کے بین الاقوامی ائرپورٹ پر کیے گئے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔

مزید پڑھیں:یمن سے سعودی عرب پر ہونے والا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ یمن کے حوثی قبائل نے سعودی عرب کے دارالحکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق یمن سے فائر کیا جانے والے بیلسٹک میزائل کو اینٹی میزائل نظام کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کے بعد اسے ریاض کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کنگ خالد کی حدود میں گرا لیا گیا، جو دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم اس سے کسی بھی قسم کا مالی اور جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ سعودی سربراہی میں اتحادی یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جہاں پر فضائی کارروائیوں میں کئی حوثی باغیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔