آنکھیں سرخ کیوں ہوجاتی ہیں اور ان کا علاج کیا ہے؟
آنکھیں نہ صرف دنیا کو دیکھنے کے لیے آئینے کا کام سر انجام دیتی ہیں، بلکہ یہ انسانی جسم کا انتہائی نفیس عضو بھی ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی یا آلودگی کے باعث اگر کوئی انسانی عضو تیزی سے متاثر ہوتا ہے تو وہ بھی آنکھیں ہی ہیں۔
آنکھیں نہ صرف مٹی، آلودگی، ہوا میں نمی، گرمی اور سردی کی لہر میں متاثر ہوتی ہیں، بلکہ کبھی کبھار آنکھیں کسی موسمی تبدیلی کے بغیر بھی خراب ہوجاتی ہیں۔
آنکھیں جب خراب ہوتی ہیں تو وہ سرخ ہوجاتی ہیں، جب کہ ان میں سوزش کے ساتھ ساتھ سوجن بھی آجاتی ہے، جس کا زیادہ تر لوگ گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے علاج کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چھینک آنے پر آنکھیں کیوں بند ہوجاتی ہیں؟
اگرچہ گھریلو ٹوٹکوں سے آنکھیں ٹھیک بھی ہوجاتی ہیں، تاہم کبھی کبھی وہ زیادہ خراب بھی ہوجاتی ہیں، اس لیے امراض چشم کے ماہرین کہتے ہیں کہ اگر سرخ ہونے والی آنکھیں ایک دن کے اندر گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے ٹھیک نہ ہوں تو معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آنکھیں سرخ کیوں ہوتی ہیں، اور ان کا جلد اور پہلا علاج کیا ہے؟
ماہرین امراض چشم کے مطابق کم سے کم 8 وجوہات کی وجہ سے آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق آنکھوں کا اچانک سرخ ہوجانا، ان میں سوزش اور سوجن کا آجانا بظاہر کوئی بڑی بیماری نہیں، کیوں کہ آنکھیں زیادہ تر موسمیاتی خرابی کی وجہ سے خراب ہوجاتی ہیں۔
ماہرین امراض چشم کے مطابق اگر آنکھیں موسمیاتی و ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے خراب ہوجائیں تو کسی ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہوتی، ایسے وقت میں آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھونا چاہیے، اور میڈیکل پر دستیاب ٹھنڈے اور عام آئی ڈراپس استعمال کرنے چاہیے۔
مزید پڑھیں: آنکھوں کو محفوظ اور خوبصورت بنانے کے 7 طریقے
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایک دن کے اندر ٹھنڈے پانی اور آئی ڈراپس سے کوئی فائدہ نہ پہنچے تو فوری طور پر دوسرے دن معالج کے پاس جانا چاہیے کیوں کہ ایسی صورتحال میں آنکھوں میں انفیکشن اور وائرس پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ہیلتھ جرنل میں شائع مضمون کے مطابق آنکھیں درج ذیل 8 وجوہات کی وجہ سے سرخ ہوجاتی ہیں۔
الرجی
الرجی کے شکار لوگوں کی آنکھیں اور چہرہ سرخ ہوجاتا ہے، مگر زیادہ تر ان کی آنکھیں خراب ہوجاتی ہیں، ایسے افراد کو آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھونا چاہیے اور الرجی دینے والی چیزوں سے دور رہنا چاہیے۔
بیکٹریل وائرس
وائرس کا شکار ہونے والی آنکھیں سرخ نہیں بلکہ گلابی مائل ہوجاتی ہیں، اور ان میں سوزش ہوجاتی ہے، ایسے افراد کو بھی ٹھنڈے پانی یا میڈیکل پر دستیاب فرسٹ ایڈ آئی ڈراپس استعمال کرنے چاہیے، پہلے دن فرق نہ پڑنے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں