پاکستان

باجوڑ ایجنسی: مٹی کا تودہ گرنے سے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

مٹی کے تودے تلے دبنے والے افراد مکان بنانے کے لیے پہاڑ سے مٹی جمع کررہے تھے، پولیٹکل انتظامیہ

پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی باجوڑ ایجنسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق مٹی کے تودے تلے دبنے والے افراد مکان بنانے کے لیے پہاڑ کے کنارے سے مٹی جمع کررہے تھے کہ اس دوران پہاڑ کا ایک حصہ ان پر گر گیا۔

واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں کےدوران 6 لڑکیوں، ایک بچے اور ایک خاتون لاش نکالی۔

مزید پڑھیں: سرگودھا: پہاڑی تودہ گرنے سے 7 مزدور ملبے تلے دب گئے

خیال رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقے فاٹا کی مختلف ایجنسیاں معروف پہاڑی سلسلوں پر قائم ہیں اور یہاں کے مقامی افراد اپنے مکانات کی تعمیر کے لیے مٹی اور گارے کا استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ان پہاڑی علاقوں میں موسم کی خرابی، بارشوں اور دیگر قدرتی آفات کے دوران مٹی کے تودے گرنا ایک معمول کی بات ہے، جن کی زد میں آکر ہر سال سیکڑوں افراد جاں بحق ہوجاتے ہیں۔