کھیل

پاکستان پہلی مرتبہ ٹی20 کا عالمی نمبر ایک بن گیا

بھارت کے ہاتھوں پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئی۔

بھارت کے ہاتھوں پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔

بھارت کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز سے قبل سابق عالمی نمبر ایک نیوزی لینڈ کے پوائنٹس کی تعداد 125 تھی جبکہ سری لنکا کو ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کر کے پاکستان نے اپنے پوائنٹس کی تعداد 124 کر لی تھی۔

نیوزی لینڈ کو اپنا عالمی نمبر ایک کا منصب برقرار رکھنے کیلئے سیریز میں 2-1 سے لازمی فتح درکار تھی لیکن بھارت نے پہلے ہی ٹی20 میچ میں کیویز کو شکست دے کر عالمی نمبر ایک کے منصب سے محروم کردیا اور پاکستان کی ٹیم عالمی نمبر ایک بن گئی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی20 رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بنی ہے۔

نئی ٹی20 رینکنگ میں پاکستان 124 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ویسٹ انڈیز تیسرے، انگلینڈ چوتھے، بھارت پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔

اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز کے اگلے دونوں میچز جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ دوبارہ سے عالمی نمبر ایک بن جائے گی تاہم سیریز میں ایک بھی میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان ہی عالمی نمبر ایک رہے گا۔