کھیل

قذافی اسٹیڈیم میں ’گو نواز گو‘ اور ’رو عمران رو‘ کے نعرے

پاکستان اورسری لنکا کے مابین آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بھی سیاسی محاذ آرائی سے محفوظ نہ رہ سکا۔

پاکستان اورسری لنکا کے مابین آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بھی سیاسی محاذ آرائی سے محفوظ نہ رہ سکا اور گو نواز گو اور رو عمران رو کے نعرے لگانے والے شائقین کی بڑی تعداد آپس میں گتھم گتھا ہو گئے جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں سیاسی نعرے لگانے پر پابندی لگا رکھی تھی لیکن اس کے باوجود بھی وہ شائقین کو بدنظمی سے نہ روک سکی اور کچھ تماشائیوں نے سیاسی نعرے بازی کردی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کی اننگز کے دوران ماجد خان انکلوژر میں تماشائیوں نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگا دیے جس کے جواب میں کچھ تماشائیوں نے ’’رو عمران رو‘‘ کے نعرے لگا دیے۔

کافی دیر تک یہ نعرے بازی چلتہ رہی جس کے بعد شائقین ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے لاتوں اور گھونسوں کا بھرپور تبادلہ ہوا۔

تاہم جلد ہی پولیس نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے بدنظمی پھیلانے والے نوجوانوں سے نمٹتے ہوئے ان میں چار کو اسٹیڈیم کا ماحول خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔