بولی وڈ سائنس فکشن فلم ’کرش 4‘ کی تیاریاں
بولی وڈ ایکشن ہیرو ہریتھک روشن ویسے تو ان دنوں اداکارہ کنگنا رناوٹ کے ساتھ الجھن میں پھنسے ہوئے ہیں، تاہم وہ اپنے فلمی کیریئر کو بھی آگے بڑھانے میں سنجیدہ ہیں۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ اداکار پر بلیک میلنگ، رومانس کرنے اور شادی کے جھوٹے وعدوں جیسے الزامات عائد کر چکی ہیں، جب کہ ہریتھک روشن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اداکارہ کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
دونوں کے درمیان گزشتہ ایک سال سے لفظی جنگ جاری ہے، خبروں اور الزامات کے مطابق دونوں کے درمیان فلم ’کائیٹ‘ اور ’کرش تھری‘ میں کام کرنے کے دوران تعلقات پیدا ہوئے، جو 2016 تک چلے۔
کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن کی فلم ’کرش تھری‘ 2013 میں آئی تھی، اس فلم میں ان کے ساتھ پریانکا چوپڑا، وویک اوبرائے اور امیتابھ بچن بھی نظر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’کرش 4‘ کب ریلیز ہوگی؟
اب کرش سیریز کی چوتھی فلم کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
کرش سیریز کی پہلی فلم ’کوئی مل گیا‘ کہ نام سے 2003 میں آئی تھی، جس میں ہریتھک روشن کے ساتھ پریٹی زنٹا، ریکھا اور راکیش روشن نظر آئے تھے۔
سیریز کی دوسری فلم 2006 میں آئی تھی، جس میں ہریتھک روشن کے ساتھ پریانکا چوپڑا، ریکھا اورنصیر الدین شاہ ایکشن میں نظر آئے تھے۔
اب خبریں ہیں کہ ہریتھک روشن اور ان کے والد فلم ساز راکیشن روشن سیریز کی چوتھی فلم کے اسکرپٹ پر رضامند ہوگئے ہیں، اور فلم کی کہانی لکھنے کا کام شروع کردیا گیا، جسے جلد ہی تکمیل پر پہنچایا جائے گا۔
ڈی این اے کے مطابق ’کرش 4‘ کا اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا، ممکنہ طور پر فلم کی شوٹنگ 2018 کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔
اگرچہ فی الحال ’کرش 4‘ کے حوالے سے زیادہ معلومات دستیاب نہیں، مگر خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو 2019 کے آغاز میں ریلیز کردیا جائے گا۔
’کرش 4‘ کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے بھی ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ سیریز کی آخری 2 فلموں کی طرح اس میں بھی پریانکا چوپڑا کو شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کرش تھری کا ریکارڈ بزنس
واضح رہے کہ فلم ساز راکیشن روشن نے تو ’کرش 4‘ کو 2018 کے کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب اسے 2019 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ہریتھک روشن ان دنوں اپنی آنے والی بائیوگرافی فلم ’سپر 30‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اس فلم میں ان کے ساتھ ٹائیگر شروف اور وانی کپور سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
پروڈیوسر پریتی سنہا کی ’سپر 30‘ کی ہدایات وکاس باہل نے دی ہیں، فلم کی کہانی بھارت کے معروف تعلیمی ماہر اور ریاضی دان آنند کمار کی زندگی اور جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔