کھیل

قذافی اسٹیڈیم سری لنکن ٹیم کی میزبانی کیلئے تیار

ورلڈ الیون کی میزبانی کے بعد لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اب سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔

لاہور: تین میچز کیلئے ورلڈ الیون کی میزبانی کرنے والا لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اب سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش تیزی سے جاری ہے۔

گراؤنڈ کو نئی شکل دینے کیلئے مختلف وکٹوں کی تیاری اور آؤٹ فیلڈ میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز کی مرمت اور بہتری کا عمل بھی جاری ہے۔

پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی کا کہنا ہے کہ قذافی سٹیڈیم سری لنکن ٹیم کے خلاف میچ کیلئے تیار ہے کیونکہ ورلڈ الیون کے خلاف میچ کے دوران اس کی حالت کو بہترین شکل دی گئی تھی اور اب سری لنکن ٹیم کے خلاف میچ کیلئے ہمیں کم تیاری کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ 29اکتوبر کو ہونے والے میچ سے قبل اسٹیڈیم کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے، میچ کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں اور اس کیلئے متعلقہ سیکورٹی ادارے پلان تشکیل دے رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 26اکتوبر سے 29اکتوبر تک دکانیں بند ہوں گی کیونکہ اس سے قبل بھی پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کے میچز کے دوران بھی سیکیورٹی کی وجہ سے دکانوں کو بند کردیا گیا تھا اور سیکورٹی اداروں نے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا۔